بھارت جوڑو یاترا: ہر گلی میں ’محبت کی دکان‘ کی فرنچائز کھولیں،پرینکا گاندھی کی اپیل
راجیہ سبھا رکن فاروق عبداللہ بھارت جوڑو یاترا میں شامل
نئی دہلی ، 3 جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ 3 جنوری کی صبح دہلی میں ایک بار پھر شروع ہوئی اور بوقت دوپہر غازی آباد کے لونی بارڈر سے اتر پردیش میں داخل ہوئی۔ اس موقع پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور کانگریس کے دیگر سرکردہ لیڈران و ہزاروں کی تعداد میں کارکنان لونی میں موجود تھے ،جنھوں نے جوشیلے انداز میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا اتر پردیش میں استقبال کیا۔پرینکا گاندھی نے اس یاترا کا استقبال کرتے ہوئے اپنی تقریر کے دوران بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور ان کی زہر انگیز پالیسیوں کے نقصانات و مضمرات عوام کو بتائے۔اپنی تقریر کے دوران پرینکا گاندھی نے کہا کہ جیسا راہل گاندھی نے بتایا کہ انھوں نے نفرت کے بازار میں ’محبت کی دکان ‘کھولی ہے، میں یہاں کھڑے ایک ایک یوپی کے کارکنان، ایک ایک ملکی باشندہ کو کہنا چاہتی ہوں کہ ہر گلی میں، ہر محلے میں، ہر گاؤں میں، ہر بلاک میں، ہر ضلع میں، ہر سڑک پر یہ محبت کی دکان کی فرنچائز کھولیں۔
پرینکا گاندھی نے اپنی تقریر میں راہل گاندھی کی دل کھول کر تعریف بھی کی۔اپنے خطاب میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ آج اتر پردیش کی زمین پر بھارت جوڑو یاترا کا استقبال کرتے ہوئے مجھے بہت فخر ہو رہا ہے۔ فخر ہر ان بھارت یاتریوں پر، ایک ایک ملکی باشندہ پر ہے جو اس یاترا سے جڑا ہوا ہے۔ کیونکہ اس یاترا کا جذبہ محبت، خیر سگالی اور اتحاد کو پھیلانا ہے۔ اسی جذبہ نے اس ملک کی بنیاد ڈالی ہے۔راہل گاندھی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ سب پر فخر ہے کہ 3 ہزار کلو میٹر پیدل چل کر آ پ یہاں پہنچے ہیں۔ اور مجھے سب سے زیادہ فخر اپنے بڑے بھائی (راہل گاندھی) پر ہے۔ کیونکہ حکومت نے ہزار کروڑ روپے خرچ کر دیئے ان کی شبیہ خراب کرنے کے لیے، اقتدار نے پورا زور لگا دیا گیا، لیکن یہ سچائی سے ہٹے نہیں۔ ان پر ایجنسیاں لگائی گئیں، لیکن یہ ڈرے نہیں۔ یہ ایک واریئر اور یودھّا ہیں۔ پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ اڈانی جی اور امبانی جی نے بڑے سے بڑے لیڈر خرید لیے، ملک کے سارے پی ایس یو خرید لیے، ملک کے میڈیا کو بھی خرید لیا، لیکن میرے بھائی کو نہیں خرید سکے اور نہ کبھی خرید نے کی ان میں طاقت ہے۔
شدید سردی میں راہل گاندھی کے ذریعہ ٹی-شرٹ پہن کر یاترا کرنے کا تذکرہ بھی پرینکا گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ کوئی مجھ سے پوچھتا ہے کہ آپ کے بھائی کو ٹھنڈ نہیں لگتی، ٹھنڈ میں چھوٹی سی ٹی-شرٹ پہن کر چل رہے ہیں ۔ ٹھنڈ سے انھیں بچائیں۔ کسی نے کل مجھے کہا کہ ٹھنڈ سے انھیں بچائیں،کم سے کم جیکٹ ہی پہنا ئیں ۔ کسی نے پوچھا کہ آپ کو ڈر نہیں لگتا ان کی سیکورٹی کے لیے۔وہ کشمیر جا رہے ہیں، پنجاب سے گزریں گے، طویل سفر کریں گے، اس صورت میں انہیں ڈر نہیں لگتا۔ میرا جواب یہ ہے کہ یہ سچ کا ’خود‘ (شیلڈ) پہن کر چل رہے ہیں۔ اوپر والا ان کو محفوظ رکھے گا۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ آ بکو پہچاننے کی ضرورت ہے کہ اتحاد میں ہی آپ کی ترقی ہے۔ سب ساتھ چلئے، پورے ملک بھر میں اتحاد، خیر سگالی اور محبت کا پیغام لے جائیے۔
راجیہ سبھا رکن فاروق عبداللہ بھارت جوڑو یاترا میں شامل
نئی دہلی، 3 جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ منگل (3 جنوری) کو اتر پردیش میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں جاری بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئے۔راہل کے ساتھ ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ(RAW) کے سابق سربراہ اے ایس دلت بھی تھے۔ کانگریس کی ‘بھارت جوڑو یاترا’3 جنوری2023کی صبح دہلی سے اتر پردیش پہنچی، جس میں راہل گاندھی کے ساتھ پارٹی کے کئی سینئر لیڈر اورکارکنان شامل تھے۔ بھارت جوڑو یاترا دہلی کے کشمیری گیٹ کے قریب جمنا بازار سے صبح 10 بجے روانہ ہوئی اور دوپہر کو اتر پردیش کے لونی (غازی آباد) پہنچی۔خیال رہے کہ ‘بھارت جوڑو یاترا’ گذشتہ برس 7 ستمبر2022 کو کنیا کماری سے شروع ہوئی اور 24 دسمبر2022 کو دہلی پہنچی تھی۔ نو دن کے وقفے کے بعد آج پھر سے بھارت جوڑو یاترا شروع ہوئی ہے اور اتر پردیش کے بعد یاترا ہریانہ، پنجاب ہوتے ہوئے جموں و کشمیر پہنچے گی۔
کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے 3 جنوری کو بتایا تھا کہ یہ یاترا اتر پردیش میں 5 جنوری تک جاری رہے گی۔ 6 جنوری کو بھارت جوڑو یاترا ہریانہ میں داخل ہوگی جہاں یہ 10 جنوری تک رہے گی۔ اس کے بعد یاترا 11 جنوری کو پنجاب میں داخل ہوگی اور 19 جنوری کو ایک دن کے لیے ہماچل پردیش سے بھی گزرے گی۔کے سی وینوگوپال کے مطابق 20 جنوری2023 کو یہ یاترا جموں و کشمیر میں داخل ہوگی۔ اس کے بعد 30 جنوری2023 کو راہل گاندھی سری نگر میں ترنگا لہرائیں گے اور یاترا وہیں ختم ہوگی۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے منگل کو اپنے بڑے بھائی راہل گاندھی اور دیگر بھارت یاترا کا خیرمقدم کیا جب وہ بھارت جوڑو یاترا کے لیے اتر پردیش میں داخل ہوئے اور کہا کہ راہل نے سچائی کی بکتر پہن رکھی ہے جس کی وجہ سے بھگوان ان کی حفاظت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو کوئی نہیں خرید سکتا اور وہ سچائی سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔



