قومی خبریں

بھارت جوڑو یاترا: راہل گاندھی کی سیکورٹی میں چوک ، کانگریس نے مرکزی وزیر داخلہ کو لکھا خط

کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی سیکورٹی میں لاپروائی کا معاملہ سامنے آیا

نئی دہلی،28دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی سیکورٹی میں لاپروائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ کانگریس نے راہل گاندھی کی سیکورٹی میں بداحتیاطی کا الزام عائد کرتے ہوئے کچھ سنگین سوالات بھی کھڑے کیے ہیں۔ کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں انھوں نے راہل گاندھی کی سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کی طرف سے سیکورٹی میں لاپروائی کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے بی جے پی پر یاترا میں خلل ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔کانگریس کا کہنا ہے کہ بی جے پی یاترا میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کے سی وینوگوپال نے کہا کہ راہل گاندھی کو زیڈ کیٹگری کی سیکورٹی ملنے کے باوجود اس طرح کی خامی فکر انگیز ہے۔

کانگریس نے کہا کہ حکومت ہند کوآگاہ کرنا ضروری ہو جاتا ہے کیونکہ ہم مزید حساس علاقوں میں جا رہے ہیں، اور یہ ’تپسیا‘ (یاترا) پوری ہو کر رہے گی۔کانگریس لیڈر پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ کے سی وینوگوپال نے امت شاہ کو راہل گاندھی کی سیکورٹی میں لاپروائی کو لے کر خط لکھا ہے۔ انھوں نے اس میں کئی مثالیں پیش کی ہیں۔ ان مثالوں میں سے ایک مثال فرید آباد کی ہے جہاں کنٹینر میں آئی بی ایجنٹس جبراً گھس گئے۔ ان کے خلاف سوہنا پولیس تھانہ میں ایف آئی آر کی گئی، لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ یہ ایف آئی آر 23 دسمبر کی ہے۔پون کھیڑا نے مزید کہا کہ جب اس کے بعد یاترا لال قلعہ پہنچی تو وہاں بھی سیکورٹی سے متعلق لاپروائی دکھائی دی۔ بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لیے جتنا پولیس بندوبست ہونا چاہیے اتنا نہیں تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button