بہار پولیس کا عجیب کارنامہ: 2019 میں متوفی شخص کو 2021 میں ایس سی – ایس ٹی ایکٹ میں ملزم بنادیا
جہان آباد ، 12جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مقدمات میں کیسے فرضی ملزمان بنائے جاتے ہیں اور کس طرح بے قصور لوگوں کو پھنسایا جاتاہے ، اس کی مثال ایس سی / ایس ٹی تھانے میں درج مقدمہ نمبر 17/2021 سے ملتی ہے۔ دس جون کو ایس سی-ایس ٹی مظالم ایکٹ کے علاوہ متعدد دیگر شقوں کے تحت تھانے میں درج ایک مقدمہ میں دو سال سے زیادہ عرصے سے فوت شدہ شخص کو ملزم بنادیا گیا ہے۔
جہان آباد کے تھانہ گوسی علاقہ کے وینا نامی گاؤں کے رہائشی جگ دیش داس کے ذریعہ دائر مقدمہ میں ملزم گاؤں کا رہائشی 23 سالہ نیرج کمار 14 مئی 2019 کو فوت ہوگیاہے۔ اس کے باوجود ملزم نمبر سات پر اس کا نام درج ہے۔ جگ دیش داس نے AC-ST تھانہ میں درج مقدمہ میں فوت شدہ سمیت گاؤں کے آٹھ افراد کو ملزم بنایا ہے۔
جگ دیش داس کے ذریعہ پولیس کو دی گئی درخواست میں ذکر کیا گیاہے کہ 9 جون کی صبح وہ گاؤں کی ہی ایک دکان سے کچھ سامان خریدنے گیا تھا۔ تمام آٹھ ملزمان اس جگہ کھڑے تھے۔ اسے دیکھ کر انہوں نے گالیاں دینا شروع کی اور اس کی برادری کے تعلق سے توہین آمیز باتیں کیں۔ملزمان نے اسے لاتوں اور گھونسوں سے بھی پیٹا۔
جگ دیش داس نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ کسی طرح وہ ان کے چنگل سے فرار ہوا،لیکن ملزمان نے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگر اس کیخلاف مقدمہ چلایا گیا تو اس کا نتیجہ بہت برا ہوگا،لیکن ایک دیہی باشندگان کہتے ہیں کہ رنگناتھ شرما کے بیٹے نیرج کمار کی دو سال قبل موت ہوچکی ہے۔
دیہی باشندگان کے مطابق وہ کڈنی کی سنگین بیماری میں مبتلا تھا۔ مذکورہ نوجوان کی موت کا رجسٹریشن گرام پنچایت میں بھی درج ہے۔ گرام پنچایت کے ذریعہ جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں 1 جولائی 2019 کی تاریخ کا ذکر ہے۔



