قومی خبریں

بہا ر: صحافیوں کے پنشن میں اضافہ، کھیل اور سیاحت کیلئے بجٹ

صحافیوں کی ماہانہ پنشن 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 15 ہزار روپے کر دی گئی

پٹنہ، 29 جولائی (اردودنیا.اِن/ایجنسیز): بہار کابینہ کی میٹنگ میں منگل کو کل 41 تجاویز کو منظوری دی گئی، جن میں سب سے نمایاں فیصلہ صحافیوں کی پنشن میں اضافہ کا رہا۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں صحافیوں کی ماہانہ پنشن 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 15 ہزار روپے کر دی گئی ہے، جس سے ریاست کے صحافتی برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔میٹنگ کے بعد ایڈیشنل چیف سکریٹری ایس سدھارتھ نے میڈیا کو بتایا کہ ریاست میں کھیلوں کو فروغ دینے کے مقصد سے راجگیر میں واقع اسپورٹس اکیڈمی کیلئے 1131 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت اور سہولیات کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔کابینہ نے سیتامڑھی ضلع میں پنورادھام مندر کے قریب سیاحت کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے 120.58 کروڑ روپے کی اسکیم پر نظرثانی کرتے ہوئے 165 کروڑ روپے کی ترمیمی منظوری دی ہے، جس میں 50.50 ایکڑ اراضی کا حصول بھی شامل ہے۔

ثقافتی ورثے کے تحفظ کی سمت میں، مونگیر کے مشہور سیتا کنڈ میلہ کو ریاستی میلے کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ اس سے میلے کو حکومتی سطح پر مزید تعاون حاصل ہوگا اور مقامی سیاحت کو فروغ ملے گا۔نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی ایک اہم قدم اٹھایا گیا۔ کابینہ نے بہار اسٹیٹ یوتھ کمیشن کے لیے چھ نئے عہدوں کی تخلیق کی منظوری دی ہے، تاکہ نوجوانوں کی آواز پالیسیاں بنانے کے عمل میں شامل ہو سکے۔اس کے علاوہ پٹنہ شہر میں نہرو پاتھ پر ڈاکٹر رام منوہر لوہیا پتھ چکر کے تعمیراتی کام کے لیے 675.50 کروڑ روپے کی انتظامی منظوری دی گئی، جو شہر کے ٹریفک نظام اور بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button