بین ریاستی خبریں

درخت سے باندھ کر دیہی ڈاکٹر کی پٹائی، تیجسوی یادو نے بہار حکومت کو طالبان سے بدتر قرار دیا

ڈاکٹر کو ملزمان نے درخت سے باندھ کر مارا پیٹا

پٹنہ، 4 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز))بہار کے گیا ضلع کے گڑپا تھانہ علاقے میں ایک دیہی ڈاکٹر کو درخت سے باندھ کر مار پیٹ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے، جس پر تیجسوی یادو نے حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے بہار کے حالات کو طالبان سے بھی بدتر بتایا۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا، بہار میں حالات طالبان سے بھی بدتر ہیں۔ گیا ضلع میں عصمت دری کا شکار ہونے والی ماں کا علاج کرنے گئے ڈاکٹر کو ملزمان نے درخت سے باندھ کر مارا پیٹا اور خون میں لت پت چھوڑ دیا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ 20 سال کی بدعنوان این ڈی اے حکومت میں پولیس اور انتظامیہ جرائم کو روکنے، مجرموں کو پکڑنے، سزا اور انصاف دلانے میں مکمل طور پر ناکام ہے، اس لیے لوگ قانون کو اپنے ہاتھ میں لے رہے ہیں۔

بہار میں افراتفری کی صورتحال ہے۔ وزیر اعلیٰ بے ہوش ہیں، حکومت نشے میں ہے۔ افسران اور وزراء خزانے کو لوٹنے میں مصروف ہیں اور انتظامیہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ادھر گیا پولیس نے اس معاملے کے بارے میں بتایا کہ منگل کو گشت کے دوران ڈائل 112 تھانہ گڑپا کو اطلاع ملی کہ ایک شخص کو درخت سے باندھ کر مارا پیٹا جا رہا ہے۔ اس اطلاع پر ڈائل 112، گڑپا تھانے کی ٹیم نے فوراً موقع پر پہنچ کر متاثرہ (جتیندر یادو) کو آزاد کرایا اور علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا۔

بتایا گیا کہ پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور سب ڈویڑنل پولیس افسر وزیر گنج، زونل انسپکٹر مفصل، پولیس اسٹیشن ہیڈ فتح پور اور تھانہ صدر گڑپا پولیس اسٹیشن کو فوری اور ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔

اس معاملے میں ابتدائی تحقیقات کے بعد پولس اسے دو خواتین کے درمیان زمین کا تنازعہ بتا رہی ہے، جس میں اس دیہی ڈاکٹر پر ایک خاتون کا ساتھ لینے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق جتیندر یادو کو زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کے بیان کی بنیاد پر مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button