
بچوں کی پیدائش کم کرنے کے لیے عورتوں کونہیں،مردوں کی ذہن سازی ضروری، نائب وزیراعلیٰ رینو دیوی
نائب وزیراعلیٰ کونتیش کمارکے بیان سے اتفاق نہیں،خواتین کی بجائے مرد میں بیداری لائی جائے
پٹنہ13جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بہارمیں آبادی پر قابو پانے کے معاملے پر وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب #وزیراعلیٰ رینو دیوی کے درمیان تنازعہ کھڑاہوگیاہے۔ پیر کو جب نتیش کمار سے اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے آبادی پر قابو پانے کے لیے قانون کے نفاذ کی وکالت کرنے کے بارے میں ایک سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے کے لیے خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا زیادہ ضروری ہے۔
#نتیش #کمار نے کہا کہ اگر خواتین تعلیم یافتہ ہیں تو ان میں زیادہ سے زیادہ شعور آئے گا اورپیدائش کی شرح خود بخود کم ہوجائے گی۔ تاہم ان کی حکومت میں ، نائب وزیراعلیٰ اوربی جے پی لیڈر رینودیوی نتیش کمار کے اس خیال سے متفق نہیں ہیں کہ آبادی پر قابو پانا تب ہی ممکن ہے جب #خواتین #تعلیم #یافتہ ہوں۔رینو دیوی نے ایک تحریری بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آبادی پر قابو پانے کے لیے مردوں کوبیدارکرنا زیادہ ضروری ہے۔
اپنے بیان میں #رینو دیوی نے کہا ہے کہ آبادی پر قابو پانے کے لیے خواتین سے زیادہ مردوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ #آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے #نس #بندی کے بارے میں مردوں میں بہت خوف ہے۔ڈپٹی چیف منسٹرنے کہاہے کہ بہار کے بہت سے اضلاع میں نس بندی کی شرح صرف ایک فیصد ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ بیٹے کی خواہش میں شوہر اور سسرال والے عورت پر زیادہ بچے پیدا کرنے کا دباؤ ڈالتے ہیں ، جس سے کنبہ کا سائز بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ آبادی پر قابو پانے کے لیے مرد اور خواتین کے مابین تفریق کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔



