بین ریاستی خبریں
بہار : کالج میں 25 کروڑ کا گھوٹالہ ،وائس چانسلر اور رجسٹرار سمیت 11 پر ایف آئی آر
پٹنہ ؍بگہا، 11مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بہار کے بگہا میں واقع پنڈت اوماشنکر تیواری مہیلا مہاودیالیہ میں 25 کروڑ روپے کے غبن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس معاملہ میں بھیم راؤ امبیڈکر بہار یونیورسٹی مظفر پور کے وائس چانسلر، رجسٹرار سمیت 11 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔
یہ ایف آئی آر بگہا نگر پولیس اسٹیشن میں بگہا کے لووَر کورٹ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر درج کی گئی ہے۔ جسٹس کی عدالت میں پروفیسر اروند ناتھ تیواری نے اس سلسلے میں 5 اکتوبر 2021 کو شکایت درج کرائی تھی۔
اس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے بگہا نگر پولیس اسٹیشن کو 28 فروری 2022 کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ خیال رہے کہ پنڈت اوماشنکر تیواری مہیلا مہاودیالیہ کے شعبہ تاریخ کے ایچ او ڈی پروفیسر اروند ناتھ تیواری نے یونیورسٹی انتظامیہ سے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے معاوضے کی عدم ادائیگی کی شکایت کی تھی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے انصاف نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کیا ہے۔ 4 ماہ تک شکایت کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔
\
اس کے بعد پرنسپل ڈاکٹر اروند کمار تیواری، رام نرنجن پانڈے، پروفیسرپرشورام تیواری، ڈاکٹر راجیو کمار پانڈے، پروفیسر چندر بھوشن مشرا، پروفیسر شیامندر دوبے اور امیش یادو کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔بھیم راؤ امبیڈکر بہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ہنومان پرساد پانڈے، رجسٹرار ڈاکٹر رام کرشن ٹھاکر اور اس وقت کے وائس چانسلر ڈاکٹر رام نارائن منڈل کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بہار حکومت نے پنڈت اوماشنکر تیواری مہیلا مہاودیالیہ کو 20 کروڑ روپے کی گرانٹ دی تھی۔ اس رقم سے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو تنخواہ دی جانی تھی۔اس کے علاوہ سیشن 2008 سے 2013 تک، UGC نے کالج کی ترقی کے لیے مختلف عمارتوں کی تعمیر کے لیے تقریباً 5 کروڑ کی رقم فراہم کی تھی۔
الزام ہے کہ ملزمان نے اس رقم کی تقسیم کے دوران اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو ہراساں کیا اور اِنہیں معطل کرتے رہے۔پنڈت اوماشنکر تیواری مہیلا مہاودیالیہ، بگہا کے پرنسپل اروند کمار تیواری نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی جانکاری یونیورسٹی کو فراہم کر دی گئی ہے۔ وہیں اس سلسلے میں پولیس کے اعلیٰ افسران کو خط لکھ کر معلومات فراہم کی گئی ہیں۔



