بہار:’ پی ایف اے ‘کی ٹریننگ آرایس ایس جیسی تھی‘پٹنہ ایس ایس پی کے بیان پر بی جے پی سیخ پا، استعفیٰ مانگ لیا
پٹنہ ، 14جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) بہار کے پٹنہ کے پھلواری شریف میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (PFI) کے دفتر پر جمعرات کو چھاپہ مارنے کے بعد پولیس نے کئی بڑے انکشافات کیے ہیں، تاہم پریس کانفرنس کے دوران پٹنہ کے ایس ایس پی منوجیت سنگھ نے ایسا بیان دیا، جو اب تنازعات میں گھرا ہوا ہے۔ دراصل پی ایف آئی کے ٹریننگ ماڈیول کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ان کا طریقہ بالکل آر ایس ایس جیسا ہے۔ اب اس پر بی جے پی نے ڈھلو کو خبردار کیا ہے کہ وہ یا تو اس بیان پر معافی مانگیں یا عہدے سے استعفیٰ دیں۔
پٹنہ کے ایس ایس پی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران پی ایف آئی کے دفتر پر چھاپے کے بارے میں کہا تھا کہ اس کا طریقۂ کار یہ تھا کہ یہ لوگ آر ایس ایس کے شاکھا کی طرح اپنی شاخوں کو منظم کرتے ہیں اور لاٹھیوں کی ٹریننگ دیتے ہیں۔ فزیکل ایجوکیشن کے نام پر نوجوانوں کو تربیت دینا۔وہیں وہ اپنے ایجنڈے اور پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کی برین واشنگ کر رہے تھے۔ایس ایس پی کے اس بیان پر بی جے پی نے انہیں نشانہ بنایا ہے۔
بی جے پی پسماندہ طبقات کے قومی جنرل سکریٹری اور ریاستی بی جے پی کے ترجمان نکھل آنند نے سخت تبصرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کو سیاست اور نظریاتی اثر و رسوخ سے بالاتر سمجھا جاتا ہے۔ پٹنہ کے ایس ایس پی کا پی ایف آئی کا آر ایس ایس سے موازنہ کرنے کا بیان شرمناک ہے، اس کی مذمت ہونی چاہیے۔ ان افسران کو کسی قسم کا تعصب اور پیشگی تصورات نہیں ہونے چاہیے۔ انہیں معافی مانگنی چاہئے اور اگر وہ سیاست کرنا چاہتے ہیں تو استعفیٰ دیں۔



