موتیہاری؍پٹنہ،7مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بہار کے مشرقی چمپارن ضلع میں ایک نو سالہ لڑکی کو شرابی شخص نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ یہ واقعہ چاکیہ تھانہ علاقہ میں واقع شیتل پور بڑدیہ نامی گاؤں کا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی دیر شب ایک شرابی شخص نے متوفی لڑکی کی ماں کو گالی گلوچ اور بدتمیزی کرتے ہوئے زدوکوب کیا۔ اس کی آواز سن کر نو سالہ نندنی کماری اسے بچانے آئی تو ملزم نے اسے بھی مارا۔ شدید زخمی لڑکی کو اس کے لواحقین سب ڈویژن ہسپتال لائے، جہاں ڈاکٹر نے بچی کو مردہ قرار دے دیا۔متوفی کی ماں انجو دیوی نے بتایا کہ وہ جمعہ کی رات گرمی کی وجہ سے اپنے گھر کے دروازے پر بیٹھی تھیں۔
اسی دوران ڈومن رائے بلٹ موٹر سائیکل پر دروازے کے قریب آیا اور اسے گالی دینے لگا۔جب اس نے منع کیا تو ڈومن رائے آپے سے باہر ہوگیا،اور اپنے گھر والوں کو بلالایا۔ اس کے بعد ڈومن رائے اس کے بال پکڑ کر کھیتوں کی طرف گھسیٹتا رہا جس سے اس کی ساڑھی کھل گئی اور وہ نیم برہنہ ہو گئی۔ خاتون کی چیخ و پکار سن کر نندنی سمیت اس کی چار بیٹیاں ماں کو بچانے کے لیے دوڑی ،تو ڈومن رائے اور اس کے اہل خانہ ان پر ٹوٹ پڑے اور ان کی وحشیانہ طریقہ سے پٹائی کی۔
سخت مار پیٹ اور گلا دبانے سے نو سالہ نندنی بے ہوش ہو گئی۔ یہ دیکھ کر حملہ آور وہاں سے بھاگ گئے ، گھر والے فوری طور پر بے ہوش نندنی کو لے کر اسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے سب ڈویژن اسپتال پہنچ کر لڑکی کی نعش کو قبضے میں لے لیا ہے ، اور ملزم کے خلاف آگے کی کاروائی کی جارہی ہے۔



