دبئی میں طیارے کی تصویر کھینچنے پر بہار کے نوجوان کو 10 سال قید
دبئی میں طیارے کی تصویر سوشل میڈیا پر ڈالنا بہار کے نوجوان کے لیے بڑی مصیبت بن گیا
نئی دہلی 16 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بہار کے ضلع گوپال گنج کے رہنے والے ایک نوجوان کو دبئی کی عدالت نے طیارے کی تصویر اور ویڈیو موبائل فون میں محفوظ کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد خاندان شدید صدمے میں ہے اور پورے علاقے میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وسیم اکرم، امیر میاں کے بیٹے ہیں اور رواں سال مارچ میں روزگار کی تلاش میں دبئی گئے تھے۔ وہاں وہ لوہے کی صنعت سے وابستہ ایک ٹھیکیدار کے تحت مزدوری کر رہے تھے تاکہ اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان موجودہ بین الاقوامی کشیدگی کے سبب دبئی میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ایسے حالات میں وسیم اکرم نے مبینہ طور پر اپنے موبائل فون سے دبئی کے آسمان پر پرواز کرنے والے ایک طیارے کی تصویر اور ویڈیو بنائی۔ بعد ازاں یہ مواد اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا۔ دبئی حکام نے اس معاملے کو قومی سلامتی سے جوڑتے ہوئے نہایت سنجیدگی سے لیا۔
وسیم کی سزا کی خبر جیسے ہی گوپال گنج میں ان کے گھر پہنچی، پورے خاندان میں خاموشی چھا گئی۔ ان کے بوڑھے والدین غم سے نڈھال ہیں جبکہ اہلیہ سلمیٰ خاتون اور دو کمسن بچے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ اہل خانہ نے فوری طور پر گوپال گنج کے ضلع مجسٹریٹ سے ملاقات کرکے انصاف کی اپیل کی ہے۔ خاندان نے درخواست کی ہے کہ ان کے بیٹے کو سخت قوانین کی جانکاری نہیں تھی، اس لیے حکومت انسانی بنیادوں پر مداخلت کرے اور انہیں وطن واپس لانے کی کوشش کی جائے۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے گوپال گنج ضلع انتظامیہ نے فوری کارروائی شروع کر دی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے پورے واقعے کی تفصیلی رپورٹ مرکزی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو روانہ کر دی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مرکزی حکومت سے سفارش کی گئی ہے کہ وسیم اکرم کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے سفارتی سطح پر ضروری اقدامات کیے جائیں۔
اس واقعے کے بعد بیرون ملک ملازمت کرنے والے ہندوستانیوں کو وہاں کے سخت قوانین اور ضابطوں پر مکمل طور پر عمل کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے۔



