
چھپرا: فلمی گانے پر ڈانس کرناپڑا مہنگا ، راجندر کالج کے پرنسپل سمیت 16 معطل
چھپرا: (اردودنیا.اِن)بہار کے چھپراکے راجندر کالج میں ڈاکٹر راجندر پرساد کی یوم پیدائش کے موقع پر مرکزی اسٹیج سے ڈی جے ڈانس پروگرام میں شامل پرنسپل سمیت 13 اساتذہ پرکاروائی کرتے ہوئے معطل کردیا گیا ہے۔ اسی دوران اس معاملے میں وائرل ہونے والی ویڈیو کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی تین رکنی یونیورسٹی سطح کی کمیٹی کے ممبران کو بھی سہی رپورٹس پیش نہ کرنے کی وجہ سے معطل کردیا گیا ہے۔
راج بھون سے موصولہ ہدایات پر یونیورسٹی انتظامیہ نے کاروائی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے تحت راجندر کالج کے سابق پرنسپل اور نارائن کالج گوریا کوٹھی کے موجودہ پرنسپل، ڈاکٹر پریمندر رنجن سنگھ، راجندر کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر ویوک تیواری، ڈاکٹر روپا مکھرجی، ڈاکٹر تنو گپتا، ڈاکٹر گوپال کمار ساہنی، ڈاکٹر اقبال ظفر انصاری، ڈاکٹر تنوکا چٹرجی، ڈاکٹر بتیار، ڈاکٹر عبدالرشید، ڈاکٹر رچنا مشرا، ڈاکٹر رمیش کمار، ڈاکٹر رامانوج یادو اور ڈاکٹر شاداب ہاشمی کو معطل کردیا گیا ہے۔
ساتھ ہی دیگر پروفیسرز کا دوسرے کالجوں میں صدر مقام بھی مقرر کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس پورے واقعہ کے لئے وائس چانسلر کی بنائی گئی انکوائری کمیٹی کے تین ممبران کو معطل کرتے ہوئے انہیں یونیورسٹی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 3 دسمبر کو راجندر کالج میں ڈاکٹر راجندر پرساد کی یوم پیدائش کے موقع پر یہ پروگرام جئے پرکاش یونیورسٹی کے مربوط یونٹ میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں وائس چانسلر سمیت یونیورسٹی اور کالج کے اساتذہ اور متعدد معزز مہمانان نے بھی شرکت کی۔



