بلقیس بانو کیس: مجرمین قبل از وقت رہائی کے اہل کیسے ہوئے: عدالت عظمیٰ
کچھ مجرموں کو مراعات کیسے دی جا سکتی ہیں؟
نئی دہلی، 12اکتوبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) سپریم کورٹ نے جمعرات کو بلقیس بانو گینگ ریپ کیس میں 11 قصورواروں کی قبل از وقت رہائی اور 2002 کے گجرات فسادات کے دوران ان کے خاندان کے سات افراد کے قتل کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ تاہم، بلقیس بانو کے کیس میں مجرموں کی قبل از وقت رہائی کو چیلنج کرتے ہوئے، سپریم کورٹ نے سوال کیا کہ یہ مجرم معافی کے اہل کیسے ہوئے؟درحقیقت، گزشتہ سال گجرات حکومت کی طرف سے رہا کیے گئے 11 مجرموں کو 2002 کے گجرات فسادات کے دوران قتل اور 3 اجتماعی عصمت دری کے 14 مقدمات میں قصوروار پایا گیا تھا۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم سزا میں معافی کے تصور کیخلاف نہیں ہیں، کیونکہ اسے قانون میں قبول کیا گیا ہے۔ لیکن یہ واضح کیا جائے کہ یہ مجرم کس طرح معافی کے اہل ہوئے؟سپریم کورٹ نے مزید پوچھا کہ کیا ان مجرموں کو کئی دنوں کی پیرول کا موقع ملا ہے؟ کچھ مجرموں کو مراعات کیسے دی جا سکتی ہیں؟
سپریم کورٹ نے مرکز، گجرات کو بلقیس بانو کیس کے قصورواروں کی سزا میں تبدیلی سے متعلق اصل ریکارڈ 16 اکتوبر تک پیش کرنے کی ہدایت دی۔آپ کو بتا دیں کہ اس سے قبل کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے 20 ستمبر کو معاملے کی سماعت کرتے ہوئے پوچھا تھا کہ کیا سزا کی مدت میں کمی کی درخواست کرنا مجرموں کا بنیادی حق ہے؟ بنچ نے 11 مجرموں کی طرف سے پیش ہونے والے ایک وکیل سے پوچھا تھا کہ کیا سزا کی مدت میں کمی کا مطالبہ کرنا بنیادی حق ہے؟ کیا یہ پٹیشن آرٹیکل 32 کے دائرہ کار میں آئے گی (جو شہریوں کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی صورت میں براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا حق دیتا ہے)۔مجرموں کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے تسلیم کیا تھا کہ سزا کی مدت میں کمی کی درخواست کرنا مجرموں کا بنیادی حق نہیں ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ بلقیس بانو کی عمر 21 سال تھی اور پانچ ماہ کی حاملہ تھی جب اس کے ساتھ فرقہ وارانہ فسادات کے دوران اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی، اس کی تین سالہ بیٹی خاندان کے ان سات افراد میں شامل تھی جو فسادات کے دوران مارے گئے تھے۔



