بلقیس بانو کیس کے مجرموں کی رہائی کا فیصلہ عدالت عظمیٰ نے منسوخ کردیا
گجرات حکومت کا فیصلہ غلط تھا ،بلقیس بانو کیس کے مجرموں کو واپس جیل جانا ہوگا، سپریم کورٹ
نئی دہلی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) بلقیس بانو ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ ایک بار پھر انہیں عدالت سے انصاف ملا ہے۔ سپریم کورٹ نے بلقیس بانو کیس کے 11 مجرموں کو جیل سے رہا کرنے کے گجرات حکومت کے فیصلے کو منسوخ کر دیا۔ اجتماعی زیادتی اور 7 افراد کے قتل کے تمام مجرم ایک بار پھر قانون کی گرفت میں آگئے۔بلقیس بانو کیس کے 11 مجرم دوبارہ جیل جائیں گے۔ سپریم کورٹ نے ان کی رہائی سے متعلق گجرات حکومت کے حکم کو منسوخ کر دیا ہے۔ اجتماعی عصمت دری اور قتل کے مجرمین کو تقریباً 15 سال جیل میں گزارنے کے بعد اگست 2022 میں رہا کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ مقدمہ مہاراشٹر میں چلایا گیا تھا، اس لیے گجرات حکومت مجرموں کی رہائی کا فیصلہ نہیں لے سکتی۔2002 کے گجرات فسادات کے دوران، داہود ضلع کے رندھیک پور گاؤں کی بلقیس اپنے خاندان کے 16 افراد کے ساتھ بھاگ گئی اور قریبی گاؤں چھپرواڈ کے کھیتوں میں چھپ گئی۔ 3 مارچ 2002 کو وہاں 20 سے زیادہ فسادیوں نے حملہ کیا۔ 5 ماہ کی حاملہ بلقیس سمیت کچھ دیگر خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ بلقیس کی 3 سالہ بیٹی سمیت 7 افراد کو قتل کیا گیا۔
2008 میں،سپریم کورٹ نے متاثرہ پر دباؤ ڈالنےکی شکایت موصول ہونےکےبعد عمر قید کی سزا پانے والے ملزمان کا کیس مہاراشٹرا منتقل کر دیا تھا۔ 21 جنوری 2008 کو ممبئی کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے 11 لوگوں کو عمر قید کی سزا سنائی۔ 2017 میں بمبئی ہائی کورٹ اور بعد میں سپریم کورٹ نے بھی سزا کو برقرار رکھا۔13 مئی 2022 کو سپریم کورٹ کے جسٹس اجے رستوگی اور وکرم ناتھ کی بنچ نے ایک مجرم رادھیشیام شاہ کی درخواست پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ اسے 2008 میں سزا سنائی گئی تھی۔ لہذا، 1992 میں رہائی کی قواعد لاگو ہوں گے کیونکہ وہ قواعد اس وقت نافذ تھے۔ 1992 کے قوانین میں کہا گیا تھا کہ عمر قید کی سزا پانے والے قیدیوں کی رہائی پر 14 سال بعد غور کیا جائے گا۔
15 اگست 2022 کو گجرات حکومت نے اس بنیاد پر 14 سال قید کی سزا بھگتنے والے 11 لوگوں کو رہا کر دیا تھا، لیکن نئے فیصلے میں جسٹس بی وی ناگارتھنا اور اجول بھوئیاں کی بنچ نے کہا کہ ملزمان نے عدالت کو یہ نہیں بتایا کہ ان کی رہائی کا فیصلہ مہاراشٹر حکومت لے سکتی تھی۔ انہوں نے جھوٹے حقائق بتا کر سپریم کورٹ سے حکم نامہ حاصل کیا تھا، اس لیے اس حکم کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔بلقیس بانو نے گجرات حکومت کے مجرموں کی رہائی کے حکم کو عدالت میں چیلنج کیا۔بلقیس بانوسمیت کئی لوگ سپریم کورٹ پہنچے تھے۔ اس کے علاوہ سبھاشنی علی، روپریکھا ورما، ریوتی لال، مہوا موئترا سمیت کئی رہنما اور سماجی کارکن رہائی کے خلاف سپریم کورٹ پہنچے۔ ان درخواستوں میں کہا گیا کہ ایسے گھناؤنے جرائم کے مجرموں کو رہا کرنا انسانیت کے مطابق درست نہیں۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ رہائی کا فیصلہ لیتے وقت متاثرہ بلقیس کا رخ بھی پوچھا جانا چاہیے تھا لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ اگرچہ یہ ملزمین تقریباً ڈیڑھ سال سے جیل سے باہر ہیں لیکن انہیں واپس جیل بھیجنے کا فیصلہ دیتے ہوئےکہا ملک قانون کی حکمرانی پر چلتا ہے۔ گجرات حکومت کا وہ حکم جس کی بنیاد پر رہائی عمل میں آئی وہ قانونی طور پر غلط تھا، اس لیے مجرموں کو اس کا فائدہ نہیں مل سکتا۔ عدالت نے تمام مجرموں کو 2 ہفتوں کے اندر خودسپردگی کرنے اور واپس جیل جانے کو کہا ہے۔
بلقیس بانو اور ان کے حامیوں نے انصاف کے لیے طویل قانونی جنگ لڑی۔جانئے پورا معاملہ
27فروری 2002 کا دن تھا۔ گجرات کے گودھرا ریلوے اسٹیشن پر ایودھیا سے واپس آنے والی سابرمتی ایکسپریس کے کچھ ڈبوں کو آگ لگا دی گئی۔ حادثے میں 59 کار سیوک زندہ جل کر ہلاک ہو گئے۔ اس کے بعد پورے گجرات میں فسادات پھوٹ پڑے۔بلقیس بانو گجرات کے داہود ضلع کے گاؤں رندھیک پور کی رہائشی ہیں۔ فسادات کے حملے سے بچنے کے لیے، بلقیس اپنی ساڑھے تین سالہ بیٹی صالحہ اور دیگر 15 لوگوں کے ساتھ گاؤں سے نکل گئی۔ اس وقت بلقیس کی عمر 21 سال تھی اور وہ پانچ ماہ کی حاملہ تھی۔
3 مارچ 2002 کا وہ سیاہ دن جب بلقیس بانو چھپرواڈ گاؤں پہنچی۔ بلقیس اپنے تمام گھر والوں کے ساتھ کھیتوں میں چھپی ہوئی تھی۔ اس کے بعد تلواروں اور لاٹھیوں سے لیس 20-30 لوگوں کے ہجوم نے اس پر حملہ کردیا۔ بلقیس اور دیگر خواتین کو بری طرح مارا پیٹا گیا اور پھر عصمت دری کی گئی۔ ان میں بلقیس بانو کی والدہ بھی شامل تھیں۔ رندھیک پور کے کل 17 لوگوں میں سے 7 کو اس حملے میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ بلقیس کی بیٹی بھی شامل تھی۔ چھ افراد جان بچا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔بلقیس بانو حادثے کے بعد چند گھنٹے تک بے ہوش رہیں۔ ہوش میں آنے کے بعد آس پاس موجود لوگوں نے اس کی مدد کی۔ مجرموں کے خلاف شکایت درج کرانے کے لیے اسے نزدیکی لیمکھیڈا پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔
الزام ہے کہ یہ ایک گھناؤنا جرم ہونے کے باوجود پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور ابتدائی طور پر ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا۔ ایف آئی آر لکھنے کے بعد بھی تفتیش ٹھیک نہیں ہوئی، کئی دن بعد طبی معائنہ کیا گیا، شواہد کے ساتھ بھی چھیڑ چھاڑ کی گئی۔ تاہم بعد ازاں تین پولیس اہلکاروں کو مجرموں کو تحفظ دینے پر تین سال قید کی سزا سنائی گئی۔تقریباً ایک سال بعد گجرات پولیس نے کیس کی فائل بند کر دی۔ اس کے بعد بلقیس بانو مدد کے لیے نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن (این ایچ آر سی) پہنچیں۔ این ایچ آر سی کی مدد سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے گجرات پولیس کی کلوزر رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے سی بی آئی کو حکم دیا کہ وہ شروع سے ہی پورے معاملے کی جانچ کرے۔
سی بی آئی نے مجرموں کو سزا دی اور کیس کی نئے سرے سے تفتیش کی۔ سی بی آئی نے بلقیس بانو کے قتل شدہ خاندان کے افراد کی نعشوں کو نکالنے کا حکم دیا۔ سی بی آئی نے کہا کہ مرنے والوں کی شناخت چھپانے کے لیے نعشوں کے سر قلم کیے گئے۔ پولیس کی تفتیش میں لاپرواہی کا انکشاف ہوا اور پوسٹ مارٹم بھی ٹھیک سے نہیں کرایا گیا۔ 2004 میں سی بی آئی نے 18 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی اور 12 ملزمان گرفتار ہوئے۔
دوسری جانب بلقیس بانو اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیا جانے لگا۔ انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے لگیں۔ اس کی وجہ سے انہیں دو سال کے اندر تقریباً 20 مرتبہ اپنی رہائش گاہ تبدیل کرنا پڑی۔ بلقیس بانو نے سپریم کورٹ سے اس کیس کو گجرات سے باہر کسی دوسری ریاست میں منتقل کرنے کی درخواست کی۔ اگست 2004 میں یہ معاملہ ممبئی کی خصوصی سی بی آئی عدالت میں آیا۔
سی بی آئی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران بلقیس بانو نے خود ہر ایک ملزم کی شناخت کی۔ اس نے بتایا کہ ان میں سے زیادہ تر ان کے جاننے والے ہیں۔ آخر کار 21 جنوری 2008 کو ممبئی کی سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے حاملہ خاتون کی عصمت دری اور قتل کے الزام میں 11 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی۔ تاہم ثبوتوں کی کمی کے باعث سات افراد کو رہا کر دیا گیا۔ ان میں پانچ پولیس اہلکار اور دو ڈاکٹر شامل تھے جن پر ملزمان کو تحفظ فراہم کرنے اور شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ایک مجرم کی موت ہو گئی۔
یہ لڑائی یہیں ختم نہیں ہوئی۔ قصورواروں نے سی بی آئی عدالت کے فیصلے کو بمبئی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ دسمبر 2016 میں، بامبے ہائی کورٹ نے 11 مجرموں کی سزا کو برقرار رکھا۔ بعد ازاں 2019 میں سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کو بلقیس بانو کو 50 لاکھ روپے کا معاوضہ، مکان اور نوکری دینے کا حکم دیا تھا۔ تاہم، گجرات حکومت نے بلقیس بانو کو صرف 5 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا تھا۔سال 2022 میں، ایک مجرم جس نے 15 سال سے زیادہ کی قید کاٹی تھی، معافی کے لیے گجرات ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ گجرات ہائی کورٹ نے کہا کہ اس معاملے میں معافی کا حق مہاراشٹر حکومت کے پاس ہے کیونکہ وہاں کیس چل رہا ہے۔ مجرم نے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
مئی 2022 میں سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کو اس معاملے پر غور کرنے کا حکم دیا۔ گجرات حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دی۔ سوجل مایاترا کی قیادت والی کمیٹی نے تمام مجرموں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔ تمام مجرموں کو 15 اگست 2022 کو رہا کیا گیا تھا۔گجرات حکومت کے ایک اہلکار نے ایک بیان میں کہا، بلقیس بانو کیس کے 11 مجرم اپنی 14 سال کی سزا پوری کر چکے ہیں۔ قانون کے مطابق عمر قید کا مطلب کم از کم 14 سال قید ہے۔ اس کے بعد مجرم رہا کرنے کا مطالبہ کر سکتا ہے۔ اس پر غور کرنا حکومت کا کام ہے



