بی جے پی اور آر ایس ایس نےصرف سیاسی فائدے کیلئے استعمال کیا مہاتما گاندھی کا نام-اشوک گہلوت
جے پور، 3 اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اپنے سیاسی فوائد کے لیے قوم کے باپ مہاتما گاندھی کو اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ 60 سال کے بعد یہ لوگ مہاتما گاندھی کو اپنانے کا دعویٰ کر رہے ہیں، جبکہ انہیں قتل کرنے والا شخص آرایس ایس کے نظریے سے متاثر تھا، پوری دنیا یہ جانتی ہے۔
ان لوگوں نے اپنے سیاسی عزائم کو پورا کرنے کیلئے مہاتما کا نام استعمال کیا۔گہلوت نے کہا کہ میں پی ایم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور موہن بھاگوت سے گزارش کرتا ہوں کہ اگر آپ نے گاندھی جی کو اپنایا ہے تو آپ کو اپنی زندگی میں بھی عدم تشدد، سچائی اور سیکولرازم کے اصولوں کو اپنانا چاہیے۔
اگر آپ لوگ ایسا کرتے ہیںتو ہندوتوا اور لو جہاد جیسے مسائل خود بخود ختم ہو جائیں گے۔ کسان تحریک کے حوالے سے مرکز کی مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ جیت کیلئے صرف ایک ستیہ گرہ ہی کافی ہے۔ انہوں نے اس کی ایک ویڈیو ٹوئٹر پر پوسٹ کی جو موجودہ کسانوں کی تحریک کو مہاتما گاندھی کے ستیہ گرہ سے جوڑتی ہے۔



