بی جے پی پہلے ای ڈی کااستعمال کرتی ہے ،پھرافسرکوٹکٹ دیتی ہے سنجے راوت نے کہا،15سے20سیٹوں پرالیکشن لڑیں گے
نئی دہلی 5فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شیوسیناکے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے ہفتہ کو وی آر ایس لے کر سیاسی جماعتوں میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے افسران کی شمولیت کے سلسلے میں ان ایجنسیوں کی ساکھ پر سوال اٹھائے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس دوران یہ بھی کہاہے کہ ان کی پارٹی شیوسینا 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اتر پردیش میں 15 سے 20 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔
اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیاہے کہ موجودہ اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی 50 سے 60 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ اس نے پہلے ہی بیس امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔سنجے راوت نے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزام لگایاہے کہ وہ تحقیقاتی ایجنسیوں کو اپنے سیاسی حریفوں پرچھاپے مارنے کے لیے استعمال کرتی ہے اور پھر ان عہدیداروں کو الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ دیتی ہے۔
وہ راجیشور سنگھ کا حوالہ دے رہے تھے، جنہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں جوائنٹ ڈائریکٹر کے عہدے سے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ (VRS) لیا ہے اور بی جے پی نے انہیں لکھنؤ کے سروجنی نگر اسمبلی حلقہ سے پارٹی کے امیدوار کے طور پر اعلان کیا ہے۔
سنجے راوت نے کہاہے کہ کوئی ایسی ایجنسی پر کیسے بھروسہ کر سکتا ہے جس کا افسر بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑتا ہے۔ ای ڈی کی ٹیم مہاراشٹر میں اپوزیشن لیڈروں کے گھر پہنچ رہی ہے۔ ہم جلد ہی اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کریں گے۔انہوں نے کہاہے کہ شیوسینا یوپی اسمبلی انتخابات میں 50 سے 60 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔
شیو سینا کے لیڈر نے کہاہے کہ ہم نے اتر پردیش میں تقریباً 20 سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ ہم کسی بڑی پارٹی کے ساتھ اتحاد میں نہیں ہیں، لیکن کچھ چھوٹے گروپوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔



