قومی خبریں

ایم پی :بی جے پی لیڈر پر جھانسہ دے کر ریپ کا الزام

بھوپال،24ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایم پی کے ایک بی جے پی لیڈر پر عصمت دری کا سنسنی خیز الزام عائد کیا گیا ہے۔ راجدھانی بھوپال کے ٹی ٹی نگر تھانہ واقع جبل پور کی رہنے والی ایک خاتون نے یہ الزام عائد کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ بی جے پی لیڈر اسے ملازمت کا جھانسہ دے کر بھوپال لایا اورکار میں عصمت دری کا واقعہ انجام دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فی الحال بی جے پی لیڈر فرار ہے جس کی تلاش کی جا رہی ہے۔خاتون نے عصمت دری کا معاملہ درج کرایا ہے۔

متاثرہ کا الزام ہے کہ جب وہ جبلپور میں ملازمت کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگا رہی تھی، اسی دوران اس کی ملاقات بی جے پی لیڈر ششی کانت سونی سے ہوئی۔ ششی کانت سونی نے خاتون کو بھروسہ دلایا کہ وہ اس کی سرکاری ملازمت لگوا دے گا۔بتایا جاتا ہے کہ رواں سال مئی ماہ میں ششی کانت سونی خاتون کو بھوپال لے گیا۔ دیر شام راجدھانی کے ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم کے پاس تاریکی کا فائدہ اٹھا کر اس نے کار میں ہی خاتون کے ساتھ عصمت دری کا واقعہ انجام دیا۔

خاتون کا الزام ہے کہ ملزم نے اس سے تقریباً دو لاکھ روپے بھی ملازمت لگوانے کے نام پر لیے۔ رپورٹ کے مطابق  متاثرہ خاتون نے بھوپال پہنچ کر ملزم بی جے پی لیڈر ششی کانت سونی کے خلاف عصمت دری کا یہ مقدمہ درج کروایا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملزم کی تلاش کی جا رہی ہے، گرفتاری کے بعد آگے کی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button