بی جے پی کا تال کٹورا اسٹیڈیم کا نام بدلنے کا وعدہ
تال کٹورہ اسٹیڈیم کا نام بدل دیا جائے گا
نئی دہلی،3فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)دہلی اسمبلی انتخابات کی مہم کے آخری دن بی جے پی نے بڑا داؤ کھیلا ہے۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ اگر دہلی میں پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو تال کٹورہ اسٹیڈیم کا نام بدل دیا جائے گا۔نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار پرویش ورما نے کہا کہ 8 فروری کے بعد این ڈی ایم سی کونسل کی پہلی میٹنگ میں، ہم تال کٹورہ اسٹیڈیم Talkatora Stadium کا نام بدل کر بھگوان مہارشی والمیکی اسٹیڈیم رکھیں گے۔نئی دہلی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار پرویش ورما نے کہا کہ یہ الیکشن دہلی کو بچانے کے لیے ہے۔ اروند کیریوال نے آپ کو کیا دیا ہے؟
بی جے پی سب کا ساتھ اور سب کا وکاس کے نعرے کے تحت کام کرتی ہے۔ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو دہلی بچ جائے گی کوئی اسکیم نہیں روکی جائے گی۔ آپ کے کارکن بھی ہمارے ساتھ کام کر رہے ہیں،تاکہ نئی دہلی میں ’’کمل‘‘کھل سکے۔نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار پرویش ورما نے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم کا نام مبینہ طور پر مغلوں نے رکھا تھا، جنہوں نے اسے اپنے سوئمنگ پول کے طور پر استعمال کیا۔ لیکن والمیکی برادری کے لوگ مہارشی والمیکی کے نام پر ایک بڑی عمارت چاہتے تھے۔ اس لیے میں نے وعدہ کیا تھا کہ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد میں این ڈی ایم سی کی پہلی میٹنگ میں تجویز پیش کروں گا اور اسے منظور کرواؤں گا۔ جس کے بعد ایک ماہ کے اندر اسٹیڈیم کا نام بدل کر مہارشی والمیکی اسٹیڈیم کردیا جائے گا۔



