پرویز مشرف کی موت پر ششی تھرور کے تعزیتی ٹویٹ پر ہنگامہ بھاجپا کا الزم ،’پاکستان پریم ‘ہی کانگریس کا رجحان ہے
کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے ٹویٹ کرکے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نئی دہلی، 5فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) پاکستان کے سابق آمر حکمراں اور صدر پرویز مشرف برسوں تک لاعلاج بیماری سے لڑنے کے بعد اتوار (5 فروری) کو دبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے ٹویٹ کرکے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جس میں تھرور نے مشرف کو ایک وقت کا امن سفیر کہہ کر مخاطب کیا تھا۔ اس ٹویٹ کے بعد بی جے پی (بی جے پی) کانگریس پر حملہ آور ہوگئی ہے۔کانگریس ایم پی ششی تھرور کے ٹویٹ پر اعتراض کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی ترجمان شہزاد پونا والا نے کانگریس پر حملہ کیا ہے۔ بی جے پی کے ترجمان نے ششی تھرور اور کانگریس کو پاکستان کے خیر خواہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ پرویز مشرف – کارگل جنگ کا ماسٹر مائنڈ، ڈکٹیٹر، گھناؤنے جرائم کا ملزم، جو طالبان اور اسامہ کو بھائی اور ہیرو سمجھتا تھا۔
جس نے اپنے ہی مہلوک فوجیوں کی نعشیں واپس لینے سے انکار کیا تھا ، اس کی تعزیت میں تعریفی جملے کہے جا رہے ہیں۔پھر کانگریس کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان لگتا ہے؟پونا والا نے مزید کہا کہ ایک زمانے میں مشرف نے راہل گاندھی کی تعریف ایک شریف آدمی کے طور پر کی تھی، شاید اسی لیے مشرف کانگریس کو عزیز ہیں؟ 370 سے لے کر سرجیکل اسٹرائیک تک، بالاکوٹ پر شک کرنے والے کانگریس نے پاکستان کی زبان دہرائی اور مشرف کی تعریف کی۔پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے اتوار کو کہا کہ مشرف جو کبھی ہندوستان کے سخت دشمن تھے، 2002 اور 2007 کے درمیان امن کے لئے امید کی کرن بن کر سامنے آئے تھے۔ ششی تھرور نے مزید کہا کہ میں ان دنوں اقوام متحدہ میں ہر سال ان سے ملتا تھا اور انہیں اپنے سفارتی خیالات میں بیدار مغز اور شفاف پایا ۔ خیال رہے کہ پرویز مشرف کے دور اقتدار کو پاکستانی تاریخ میں’’سیاہ باب‘‘ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔



