سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

کالی فنگس یا دھبوں والی پیاز کھا رہے ہیں؟ صحت کے لیے خطرہ!

سیاہ فنگس کیوں خطرناک ہے؟

پیاز ہر باورچی خانے کی بنیادی ضرورت ہے۔ اس کے بغیر اکثر کھانے کا ذائقہ ادھورا محسوس ہوتا ہے۔ لیکن کبھی کبھار پیاز پر سیاہ یا سبز رنگ کے دھبے یا بُوجھ (فنگس) نمودار ہوتے ہیں۔ اگر آپ بھی ایسی پیاز استعمال کر رہے ہیں، تو یہ عادت آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ ماہرین صحت خبردار کرتے ہیں کہ فنگس والی پیاز کھانا خطرناک بیماریوں کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

ماہرین کے مطابق، سیاہ یا سبز فنگس والی پیاز میں "مایکوٹاکسن” (Mycotoxins) نامی زہریلے مادے پیدا ہوتے ہیں۔ یہ جسم میں داخل ہو کر فوڈ الرجی، الٹیاں، دست، معدے کی خرابی، اور دیگر گیسٹرو مسائل پیدا کرتے ہیں۔ طویل مدتی استعمال سے یہ زہریلا مواد جگر کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور یہاں تک کہ کینسر جیسے مہلک مرض کا خطرہ بھی بڑھا سکتا ہے۔

یہ بات عام لوگوں کو کم ہی معلوم ہوتی ہے کہ پیاز پر نظر آنے والی فنگس صرف ظاہری مسئلہ نہیں بلکہ ایک اندرونی خطرہ بھی ہے۔ بہت سے لوگ سیاہ دھبے کو کاٹ کر باقی پیاز استعمال کرتے ہیں، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ مائیکوٹاکسنز پیاز کے اندر تک سرایت کر سکتے ہیں، اس لیے اسے مکمل طور پر پھینک دینا ہی محفوظ ترین طریقہ ہے۔

ہمیشہ کوشش کریں کہ تازہ، صاف اور خشک پیاز خریدیں۔ تازہ پیاز نہ صرف محفوظ ہوتی ہے بلکہ اس میں کئی صحت بخش خصوصیات بھی موجود ہوتی ہیں۔ ان میں اینٹی آکسیڈنٹس، اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی انفلامیٹری خصوصیات پائی جاتی ہیں، جو کہ قوت مدافعت کو مضبوط کرتی ہیں، دل کی صحت کو بہتر بناتی ہیں، خون میں شوگر کی سطح کو قابو میں رکھتی ہیں اور بعض اقسام کے کینسر سے بھی تحفظ فراہم کرتی ہیں۔

فنگس سے بچاؤ کے لیے پیاز کو صحیح طریقے سے ذخیرہ کرنا نہایت اہم ہے۔ بہت سے لوگ ایک ساتھ بڑی مقدار میں پیاز خرید کر نمی والی جگہ یا فریج میں رکھ دیتے ہیں، جو کہ بالکل غلط ہے۔ پیاز کو ٹھنڈی، خشک اور ہوا دار جگہ پر رکھنا چاہیے۔ خاص طور پر برسات کے موسم میں زیادہ مقدار میں پیاز نہ خریدیں، کیونکہ اس موسم میں فنگس جلدی پھیلتی ہے۔ بہتر یہ ہے کہ اپنی روزمرہ ضرورت کے مطابق ہی پیاز خریدیں تاکہ وہ تازہ رہیں اور خراب نہ ہوں۔

یاد رکھیں، ایک چھوٹی سی لاپرواہی آپ کی صحت پر بھاری پڑ سکتی ہے۔ اس لیے سیاہ دھبوں یا فنگس والی پیاز کو کبھی بھی استعمال نہ کریں، چاہے وہ تھوڑی سی ہی کیوں نہ ہو۔ صاف، محفوظ اور صحت بخش غذا ہی آپ کی اچھی صحت کی ضامن ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button