بین ریاستی خبریں
’دیوالی بعد ہوگا دھماکہ، نواب ملک کے انڈر ورلڈ کنکشن کا دوں گا ثبوت‘ بیوی پر الزامات کے بعد فڑنویس
ممبئی، یکم نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) کروز ڈرگس کیس پر مہاراشٹرا میں سیاست تیز ہوتی جا رہی ہے۔ مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک نے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی اور بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس پر حملہ کیا۔ انہوں نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تصویر میں فڑنویس کی بیوی امریتا کے ساتھ نظر آنے والا شخص جس کا نام جئے دیپ رانا بتایا جا رہا ہے ، ایک منشیات کا اسمگلر ہے۔
دیویندر فڑنویس نے ملک کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے انڈر ورلڈ سے تعلقات ہیں اور وہ دیوالی کے بعد ثبوت دیں گے۔فڑنویس کے اس بیان کے بعد نواب ملک نے ایک ٹویٹ کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ’دیویندر فڑنویس ہم تیار ہیں‘۔ دیویندر فڑنویس نے بیان میں کہا کہ نواب ملک نے ان کی اہلیہ امریتا کی جو تصویر شیئر کی ہے وہ چار سال پرانی ہے۔
اس شخص کی میرے ساتھ بھی تصویر تھی لیکن ملک نے جان بوجھ کر میری بیوی کے ساتھ تصویر استعمال کی۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ملک کی نیت کیا ہے؟ اس شخص کا مجھ سے یا میری بیوی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ صرف ایک تصویر کی وجہ سے بی جے پی پر الزام لگا رہے ہیں لیکن ان کا داماد منشیات کے ساتھ پکڑا گیا ہے۔
تو کیا این سی پی منشیات سپلائی کرنے والوں کی پارٹی ہے؟
ملک کو نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جن کے انڈرورلڈ سے تعلقات ہوں ان کومیرے بارے میں نہیں بولنا چاہیے۔ میں نواب ملک کے انڈر ورلڈ سے تعلقات کا ثبوت دوں گا۔ میں دیوالی ختم ہونے کا انتظار کر رہا ہوں۔
وہ صرف این سی بی پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور اپنے داماد کے خلاف چارج شیٹ کو کمزور کرنے کے لیے انہوں نے دیوالی کے پہلے دن ایک چھوٹا پٹاخہ جلایا ہے، لیکن میں دیوالی کے بعد ایک بم پھوڑوں گا۔
جن لوگوں کے انڈرورلڈ سے تعلقات ہیں وہ مجھ پر تبصرہ نہ کریں۔



