ممبئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)‘تم لڑکی ہو، ایسا مت کرو۔’ ‘آپ کو ایک اداکار سے کم پیسے ملیں گے کیونکہ آپ کا اسٹارڈم اداکار سے کم ہے۔’ ایک زمانہ تھا جب خواتین کو لے کر ایسا سوچا جاتا تھا۔ لیکن وقت بدلا اور خواتین کندھے سے کندھا ملا کر چلنے لگیں۔ جب خواتین کو بااختیار بنانے کی بات آئی تو طاقتیں بڑھی، لیکن اس کا اظہار بھی بار بار کرنا پڑا۔ ۔بالی ووڈ میں ایسی کئی اداکارائیں ہیں جنہوں نے اپنی جدوجہد سے نہ صرف ایک خاص مقام حاصل کیا بلکہ اپنی پوری زندگی اپنے بچوں کے نام وقف کر دی۔ اس فہرست میں بالی ووڈ کی وہ اداکارائیں ہیں جنہوں نے محبت کی، شادی کی اور پھر طلاق کے درد کا سامنا کیا۔ کچھ ستارے ایسے بھی ہیں جو غیر شادی شدہ مائیں بنیں اور پھر اپنی زندگی اپنے بچوں کے نام وقف کردی ۔
اس فہرست میں پہلا نام نینا گپتا کا ہے۔ اپنی زندگی کے دوسرے نصف حصے میں وہ دوبارہ اداکاری کی دنیا میں واپس آگئی ہیں ۔ نینا کا شمار بالی ووڈ کی مضبوط خواتین میں ہوتا ہے۔ انہیں ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر سے محبت ہوئی اور بغیر شادی کے ماں بھی بن گئیں لیکن یہ محبت کا رشتہ زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکا۔ جب محبت نے ساتھ چھوڑ دیا تو نینا نے اپنی بیٹی میں اپنی محبت کو تلاش کرلیا اور اپنی زندگی اپنی بیٹی کے لیے وقف کر دی۔
اداکارہ پونم ڈھلوں نے 70 کی دہائی میں فلم انڈسٹری میں کافی تہلکہ مچایا تھا۔ ازدواجی زندگی کافی اچھی گزر رہی تھی لیکن بچے ہونے کے کچھ عرصے بعد زندگی میں اتھل پتھل ہونے لگی۔ جب بات طلاق تک پہنچی تو پونم نے دونوں بچوں کا ہاتھ تھاما اور پھر ان کا سہارا لے کر زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔ پونم ڈھلوں کے دو بچے ہیں، پلوما اور انمول، جن کی پرورش انہوں نے اکیلے ہی کی۔
اس فہرست میں امریتا سنگھ کا نام بھی شامل ہے۔ انہوں نے اکیلے 2 بچوں کی پرورش کی۔ امریتا سنگھ اپنے دور کی مشہور اداکارہ تھیں، سیف علی خان کے ساتھ شادی کے بعد وہ اپنا کیرئیر چھوڑ کر فیملی کی ہوگئیں۔ لیکن دو بچے ہونے کے بعد انہیں طلاق کے درد کا برداشت کرنا پڑا اور پھر انہوں نے اپنی زندگی بچوں کے سہارے گزارنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اکیلے اپنے دونوں بچوں سارا علی خان اور بیٹے ابراہیم علی خان کی پرورش کی ہے۔
پوجا بیدی کا نام بھی سنگل مدر کی فہرست میں شامل ہے، جنہوں نے 1994 میں بزنس مین فرحان فرنیچر والا سے شادی کی تھی، لیکن انہوں نے 2003 میں اپنے شوہر سے علاحدگی اختیار کرلی اور پھر بیٹی عالیہ فرنیچر والا اور بیٹے عمر فرنیچر والا کی تنہا پرورش کی۔
کرشمہ کپور نے بھی طلاق کا درد برداشت کیا اور اپنی 13 سالہ شادی توڑ دی اور دونوں بچوں کا ہاتھ تھامے ممبئی آگئیں۔ اکیلے بچوں کی پرورش کی۔ جہاں بزنس مین سنجے کپور نے دوسری شادی کر لی تو وہیں کرشمہ نے دوبارہ شادی نہیں کرنے کا فیصلہ کیا۔
سشمیتا سین بالی ووڈ کی وہ اداکارہ ہیں، جو کئی بار محبت میں گرفتار ہوئیں، لیکن شادی نہیں کی۔ جب وہ صرف 24 سال کی تھیں تو انہوں نے اپنی بڑی بیٹی ‘رینی’ کو گود لیا اور پھر سال 2010 میں ‘الیسا’ آئی۔ آج وہ اپنے دونوں بچوں کی سنگل مدر ہیں۔
کونکنا سین شرما بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔ اپنے شوہر رنویر شوری سے رشتہ توڑنے کے بعد وہ اپنی ٹوٹی ہوئی شادی کے درد کو اپنے بیٹے ہارون شوری سے محبت میں تبدیل کرچکی ہیں ۔



