
ممبئی، یکم اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو بندوق کا لائسنس مل گیا۔ اداکار کے والد معروف اسکرپٹ رائٹر سلیم خان کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد سلمان نے اپنی حفاظت کے لیے بندوق کے لائسنس کے لیے درخواست دی تھی۔ اداکار سلمان خان لائسنس کے لیے درخواست دینے کے بعد تصدیق کے لیے 22 جولائی کو ممبئی پولیس کمشنر کے دفتر پہنچے تھے۔
یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ سلمان خان کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے بعد انہوں نے ایک نئی بلٹ پروف شیشہ اور بکتر بند گاڑی خریدی، جو سلمان خان کے گھر کے احاطے میں دیکھی گئی۔ یہی نہیں سلمان خان نے اپنی حالیہ لینڈ کروزر کو بلٹ پروف فیچر کے ساتھ اپ گریڈ کیا ہے۔ اب سلمان خان کو بھی بندوق کا لائسنس مل گیا ہے۔خیال رہے کہ سلمان خان کے والد سلیم خان کو گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا۔اس خط میں سلمان خان کی حالت سدھو موسے والا جیسی کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس معاملہ میں دہلی کی تہاڑ جیل میں بند گینگسٹر لارنس وشنوئی کا نام سامنے آرہا ہے، جس کے بعد ممبئی پولیس نے وشنوئی سے پوچھ گچھ کی۔دھمکی ملنے کے بعد ممبئی پولیس نے سلمان کی سیکورٹی بڑھا دی تھی۔



