
ممبئی، 22 ستمبر (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز) بمبئی ہائی کورٹ نے برطانیہ میں مقیم تاجر وجے مالیا کو زیر سماعت منی لانڈرنگ معاملے سے متعلق عدالتی دستاویزات سوشل میڈیا پر جاری کرنے کے معاملے میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ معاملہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات سے متعلق ہے۔
وکیل آشیش مہتا کے مطابق عدالت کی یہ ہدایت اس وقت سامنے آئی جب ای ڈی نے اعتراض اٹھایا کہ اس کا حلف نامہ عدالت کی جانب سے اس کے مندرجات پر غور کیے جانے سے قبل ہی مالیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کردیا تھا۔
عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت 13 اکتوبر کو مقرر کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کو ہدایت دی کہ ای ڈی کی جانب سے سامنے لائی گئی معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا حلف نامہ داخل کیا جائے۔
وجے مالیا کی جانب سے عدالت میں دو الگ درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک میں اسے فوجیٹو اکنامک آفینڈر (FEO) قرار دیے جانے کو چیلنج کیا گیا ہے، جبکہ دوسری درخواست میں اسے باضابطہ طور پر مفرور اقتصادی مجرم قرار دینے کے عدالتی فیصلے پر اعتراض کیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران مالیا کے وکیل سینئر ایڈووکیٹ امیت دیسائی نے سپریم کورٹ کے بعض فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایسے معاملات بھی زیر سماعت آتے رہے ہیں جہاں درخواست گزار عدالت میں موجود نہیں تھے۔
امیت ڈیسائی نے عدالت کو بتایا کہ وجے مالیا کے خلاف برطانیہ میں حوالگی کی کارروائی جاری ہے۔ ان کے مطابق مالیا ان کارروائیوں سے واقف ہیں تاہم برطانیہ کی عدالتوں کے بعض پابند احکامات کی وجہ سے وہ انگلینڈ سے باہر نہیں جا سکتے۔
بمبئی ہائی کورٹ نے تاہم مالیا کے عدالت کے سامنے پیش ہونے کے ارادے پر سوال اٹھایا۔ عدالت نے نشاندہی کی کہ مالیا برطانوی عدالتوں کے احکامات کا حوالہ دے رہے ہیں، لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا ان احکامات کو کسی فورم پر چیلنج کیا گیا ہے یا نہیں۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ صرف برطانوی عدالتوں کے احکامات کا حوالہ دینا ہر صورت میں عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے کے لیے عمومی جواز نہیں سمجھا جا سکتا۔
اس سے قبل ہائی کورٹ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کو مالیا کے حلف نامے پر جواب داخل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے امیت ڈیسائی سے بھی کہا کہ سماعت کے دوران دیے گئے تمام بیانات کو تفصیلی حلف نامے کے ذریعے ریکارڈ پر لایا جائے تاکہ مرکزی حکومت کو اس پر مناسب جواب داخل کرنے کا موقع مل سکے۔



