حناشہاب اوراسامہ شہاب دونوں ماں -بیٹے ایک بار پھر راجد میں شامل
پٹنہ،27اکتوبر (ایجنسیز)
سابق ایم پی اور آر جے ڈی کے قدآور لیڈر مرحوم شہاب الدین کے بیٹے اسامہ شہاب نے اتوار (27 اکتوبر) کو آر جے ڈی میں شمولیت اختیار کی۔ لالو پرساد یادو اور تیجسوی یادو نے انہیں اور ان کی والدہ حنا شہاب کو آر جے ڈی کی رکنیت دلائی۔ اس موقع پر آر جے ڈی کے سینئر لیڈر عبدالباری صدیقی بھی موجود تھے۔تیجسوی یادو اور لالو یادو نے پٹنہ کے 10 سرکلر روڈ پر واقع رابڑی کی رہائش گاہ پر اسامہ شہاب کو پارٹی کی رکنیت دلائی۔ بہار میں 2025 کے اسمبلی انتخابات کو لے کر سیاسی ہلچل پہلے سے ہی تیز ہے۔
بہار میں مسلم ووٹ بینک کی سیاست بھی زوروں پر ہے۔ یہ توقع تھی کہ مسلم ووٹر آر جے ڈی سے منتشر ہو جائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ آر جے ڈی نے اب حنا شہاب اور ان کے بیٹے کو پارٹی میں شامل کرنا پارٹی کے مفاد میں بہتر سمجھا۔ایسا مانا جاتا ہے کہ تیجسوی یادو اپنے بنیادی ووٹر ایم وائی یعنی مسلم اور یادو مساوات کو دور نہیں ہونے دینا چاہتے ہیں۔
اسامہ اور حنا شہاب کے آر جے ڈی میں شامل ہونے سے پارٹی کو سیوان، گوپال گنج اور چھپرہ خطے میں سیاسی فائدہ ملنے کی امید ہے۔ آر جے ڈی کے کارکنوں نے بھی تیجسوی یادو کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس فیصلے سے آر جے ڈی کی حمایت میں مزید اضافہ ہوگا۔