قومی خبریں

چار خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے جرم میں برازیلین کوچ کو ایک سو نو سال قید کی سزا

لندن، 6/اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) برازیل کی قومی جمناسٹک ٹیم کے ایک سابق کوچ کو ایک کم سن کھلاڑی سمیت چار خواتین ایتھلیٹس کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے جرم میں ایک صدی سے بھی زائد عرصے کی سزائے قید سنا دی گئی ہے۔ ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ساؤ پاؤلو شہر کے قریبی شہر ساؤ بیرنارڈو ڈو کیمپو میں ایک عدالت نے فیرنانڈو ڈے کاروالہو لوپیز Fernando de Carvalho Lopes کو 109 سال اور آٹھ ماہ قید کی سزا سنائی۔ گلوبو اسپورٹ کے مطابق لوپیز کو چار ایتھلیٹس پر جنسی حملے کرنے کا مجرم پایا گیا، جن میں اس وقت صرف 13 برس کی عمر کی ایک نابالغ ایتھلیٹ بھی شامل تھیں۔

لوپیز کے جرائم کا شکار بننے والی دیگر جمناسٹ خواتین کھلاڑیوں کی عمروں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔لوپیز اس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عدالت میں اپنا یہ موقف برقرار رکھا کہ وہ بے قصور ہیں۔ اگر انہوں نے اس عدالتی فیصلے کیخلاف کوئی اپیل دائر کی، تو اس اپیل پر حتمی فیصلے تک انہیں جیل کاٹنا ہی ہو گی۔ اس سابق جمناسٹک کوچ نے 20 سال تک نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ اور دیکھ بھال کی تھی۔ لوپیز کو ایک نوجوان ایتھلیٹ کے والدین کی طرف سے شکایت کے بعد 2016 میں ریو اولمپکس سے ایک ماہ قبل قومی جمناسٹک ٹیم کے کوچنگ اسٹاف سے نکال دیا گیا تھا۔ اپریل 2019 میں ان پر جمناسٹک سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصے لینے پر تاحیات پابندی بھی عائد کر دی گئی تھی۔

لوپیز کو کئی دیگر الزامات کا سامنا بھی ہے۔ چار سال قبل تقریباً 40 کھلاڑیوں نے گلوبو ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ بھی اس سابق کوچ کے ہاتھوں نفسیاتی، جسمانی یا جنسی استحصال کا شکار ہوئے تھے۔ ان میں سے کچھ نے 1999اور 2016 کے درمیانی عرصے میں پیش آنے والے ایسے جرائم کے گواہان کے طور پر قانونی کارروائی میں حصہ بھی لیا تھا۔

اس کیس میں ایک امریکی سابق اسپورٹس ڈاکٹر لیری نصر کے معاملے کی بازگشت بھی سنائی دی۔ نصر کو 2018کے اوائل میں کم از کم 265 متاثرین پر جسمانی یا جنسی حملوں اور بدسلوکی کے الزامات میں طویل مدت کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔ نصر کے جرائم کا شکار بننے والوں میں سے زیادہ تر نابالغ کھلاڑی تھیں۔ برطانیہ، یونان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی ایتھلیٹس اپنے کوچوں کی جانب سے بدسلوکی کی شکایات کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button