بین الاقوامی خبریںسرورق

برطانوی وزیراعظم کی اپنی منگیتر سے ’خفیہ تقریب میں شادی‘

لندن:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن نے اپنی منگیتر کیری سیمنڈز سے سنیچر کو ایک خفیہ تقریب میں شادی کر لی ہے۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ڈاؤننگ سٹریٹ (وزیراعظم آ فس) کی ترجمان نے اس رپورٹس پر موقف دینے سے انکار کیا ہے۔ برطانوی اخبار دی سن اور میل آن سنڈے کے مطابق مہمانوں کو تقریب میں آخری وقت پر مدعو کیا گیا، یہاں تک کہ وزیراعظم کے دفتر کے سینئر ممبران بھی شادی کے منصوبے سے لاعلم تھے۔

برطانیہ میں کورونا وبا کے باعث شادی کی تقریب میں زیادہ سے زیادہ سے 30 افراد شریک ہو سکتے ہیں۔ سیمنڈز لیموزین کار میں سفید رنگ کا لمبا لباس زیب تن کر رکھا تھا تاہم ان کا چہرہ گھونگھٹ سے ڈھکا ہوا نہیں تھا ۔ 56 سالہ بورس جانسن اور ان کی 33 سالہ منگیتر کیری سمنڈز ڈاؤننگ سٹریٹ میں 2019 سے مقیم ہیں جب بورس جانسن وزیراعظم بنے تھے۔ گذشتہ سال دونوں نے اپنی منگنی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے ہاں اولاد ہونے والی ہے۔

اپریل 2020 میں ان کے ہاں میں لڑکے کی پیدائش ہوئی تھی۔رواں ماہ کے اوائل میں دی سن نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے رشتے داروں اور دوستوں میں 22 جولائی کے لیے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ بورس جانسن کی ازدواجی زندگی ہمیشہ سے ہی تنازعات کا شکار رہی ہے۔

انہیں ایک بار کنزرویٹیو پارٹی کی پالیسی ساز ٹیم سے بے دخل کر دیا تھا جب انہوں نے اپنے شادی کے بغیر تعلقات کے بارے میں جھوٹ بولا تھا۔ بورس جانسن کی دو بار طلاق ہو چکی ہے جب کہ انہوں نے اپنے بچوں کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button