مہاراشٹر کے ناندیڑ میں بی آر ایس کی میگا ریلی ملک میں محض تقریریں ہوتی ہیں، کسانوں پر کوئی توجہ نہیں دیتا: کے سی آر
کے سی آر نے کہا کہ اس بار کسان سرکار، اب ہمیں قومی سطح پر جانا ہے
ناندیڑ ، 5فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کے سی آر نے کہا کہ اس بار کسان سرکار، اب ہمیں قومی سطح پر جانا ہے۔ اب ایک بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ بہت سے لوگ آتے ہیں اور لمبی لمبی تقریریں کر کے چلے جاتے ہیں۔75 سال گزرنے کے باوجود ملک کو پانی اور بجلی نہیں مل رہی ہے۔ ملک میں محض تقریریں ہو رہی ہیں، کسان کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج میک ان انڈیا ایک فرسودہ مذاق بن گیا ہے۔ ان کا ’میک ان انڈیا‘ کہاں گیا؟ حقیقت تو یہ ہے کہ سب کچھ چین سے آرہا ہے، ہر گلی میں چائنہ مارکیٹ ہے۔ اگر میک ان انڈیا ہے تو چائنا مارکیٹ کے بجائے انڈیا مارکیٹ لگنی چاہیے۔ کے سی آر نے کہا کہ اگر آپ کسان سرکار، بی آر ایس حکومت بناتے ہیں تو آپ دو سالوں میں ملک کا نام روشن کر دیں گے۔
شیواجی کی کامیابیوں کو شمار کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ ان کی پارٹی سابق مراٹھا حکمران کی جائے پیدائش شیو نیری میں کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ملک میں حکومت بنانے کا عہد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں مہاراشٹر میں بی آر ایس پارٹی کا کام شروع ہو جائے گا۔ 10 دنوں کے اندر بی آر ایس کے کارکنان مہاراشٹر کے تمام 288 اسمبلی حلقوں کے ہر گاؤں میں جا کر کسان کمیٹیاں بنائیں گے۔راؤ نے کہا کہ میں آپ (کسانوں) سے ایک ہونے کی درخواست کرتا ہوں۔
میں مغربی مہاراشٹر، ودربھ اور شمالی مہاراشٹر کا بھی دورہ کروں گا۔
کے سی آر نے کہا کہ ملک میں کسانوں کی خودکشی کے سب سے زیادہ کیس مہاراشٹر میں درج ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں سیاسی جماعتیں اور لیڈر جیت رہے ہیں، لیکن عام عوام اور کسان ہار رہے ہیں۔سی ایم راؤ نے کہا کہ ہمارے ملک میں کسانوں کی تعداد 42 فیصد سے زیادہ ہے اور اگر اس میں زرعی مزدوروں کی تعداد کو بھی شامل کیا جائے تو یہ 50 فیصد سے زیادہ ہو جائے گی، جو حکومت بنانے کے لیے کافی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ کسان دوست حکومت بنائی جائے ۔ ناندیڑ میں منعقدہ یہ ریلی تلنگانہ کے باہر بی آر ایس کا پہلا بڑا جلسہ تھا۔ بی آر ایس نے کہا کہ مہاراشٹرا کی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے پارٹی صدر کے سی آر کی موجودگی میں بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد پہنچی ہے ۔ بی آر ایس سربراہ اور چیف منسٹر کے سی آر کا ناندیڑ پہنچنے پر پارٹی قائدین نے پرتپاک استقبال کیا۔اس سے قبل کھمم کی ریلی میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو، کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین، دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال سمیت کئی اپوزیشن لیڈروں نے شرکت کی تھی۔



