میرٹھ میں خوفناک قتل:بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کے 15 ٹکڑے کر دیے
نعش کے 15 ٹکڑے کیے، انہیں ایک ڈرم میں ڈال کر سیمنٹ سے سیل کر دیا
میرٹھ: (اردو دنیا.اِن/ایجنسیز) میرٹھ میں ایک لرزہ خیز قتل کی واردات سامنے آئی ہے، جہاں Merchant navy کے سابق افسر سوربھ راجپوت کو اس کی بیوی مسکان نے اپنے عاشق ساحل کے ساتھ مل کر بے رحمی سے قتل کر دیا۔قتل کے بعد ملزمان نے مقتول کی نعش کے 15 ٹکڑے کیے، انہیں ایک ڈرم میں ڈال کر سیمنٹ سے سیل کر دیا تاکہ جرم کے شواہد مٹائے جا سکیں۔
سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ اتنا خوفناک جرم انجام دینے کے بعد مسکان اپنے عاشق ساحل کے ساتھ ہماچل پردیش سیر کے لیے نکل گئی، جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔
محبت کی شادی سے ناجائز تعلقات تک
محلے میں رہنے والی مسکان رستوگی اور سوربھ راجپوت کے درمیان محبت کا آغاز ہوا، جو جلد ہی شادی میں بدل گیا۔ سوربھ راجپوت اور مسکان رستوگی کی شادی 2016 میں ہوئی تھی، اسی سال سوربھ کو Navy merchant میں نوکری مل گئی، جس سے ان کی زندگی بہتر ہونے لگی۔ تاہم، ایک سال بعد، اپنی بیوی کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے لیے سوربھ نے مرچنٹ نیوی کی نوکری چھوڑ دی، لیکن اس کے اس فیصلے سے اس کے گھر والے ناخوش تھے۔
سوربھ نے میرٹھ میں دہلی روڈ پر واقع ایک پلائیووڈ کی دکان پر تین سال تک کام کیا۔ اس دوران، ان کی ازدواجی زندگی میں کئی اتار چڑھاؤ آئے۔ اس عدم اطمینان کے باعث گھریلو جھگڑے بڑھنے لگے اور آخرکار سوربھ نے مسکان کے ساتھ کرائے کے مکان میں الگ رہنا شروع کر دیا۔
مسکان کو مہنگے شوق رکھنے کی عادت تھی، جس کی وجہ سے سوربھ نے اپنے گھر والوں سے مزید دوری اختیار کر لی۔
2019 میں مسکان نے ایک بیٹی کو جنم دیا، لیکن یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی کیونکہ جلد ہی ان کی زندگی میں ناجائز تعلقات کی سیاہ چھایا منڈلانے لگی۔ سوربھ کو معلوم ہوا کہ اس کی بیوی کا اس کے پڑوسی ساحل شکلا کے ساتھ تعلق ہے۔ اس حقیقت کے سامنے آنے کے بعد دونوں کے درمیان تنازعات شدت اختیار کر گئے اور نوبت طلاق تک پہنچ گئی۔ مسکان طلاق لینے کے لیے تیار تھی، لیکن سوربھ نے اپنی بیٹی کے مستقبل کی خاطر علیحدگی سے انکار کر دیا۔
سال 2020 میں سوربھ کو لندن کے ایک مال میں نوکری مل گئی، جس کے بعد اس نے اپنی بیوی اور بیٹی کو ماسٹر کالونی، برہما پوری میں کرائے کے مکان میں چھوڑ دیا۔ اس دوران مسکان کے اپنے پڑوسی ساحل شکلا کے ساتھ ناجائز تعلقات مزید گہرے ہو گئے، جس نے ان کی زندگی میں ایک خوفناک موڑ پیدا کر دیا۔
محبت، دھوکہ اور قتل: بیوی اور عاشق کا سنگدلانہ منصوبہ بے نقاب
سوربھ 24 فروری 2024 کو اپنی بیٹی کی 6ویں سالگرہ منانے کے لیے واپس آیا۔ دراصل 25 فروری کو ان کی اہلیہ مسکان کی (26) سالگرہ تھی۔ وہ 28 فروری کو اپنی بیٹی پیہو (5) کی سالگرہ منانے کے لیے واپس آیا تھا۔مگر اس دوران مسکان اور ساحل کے تعلقات مزید مضبوط ہو چکے تھے۔ انہیں سوربھ اپنی راہ میں رکاوٹ محسوس ہوا اور اسے راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنا لیا۔
4 مارچ کو، مسکان نے سوربھ کے کھانے میں نیند آور دوا ملا دی۔ جیسے ہی وہ بے ہوش ہوا، مسکان اور ساحل نے چاقو سے اس پر حملہ کر کے اسے قتل کر دیا۔ بعد ازاں، نعش کے 15 ٹکڑے کر کے ایک ڈرم میں بھرے اور سیمنٹ سے سیل کر دیا تاکہ جرم کا کوئی ثبوت باقی نہ رہے۔ ان کا منصوبہ یہ تھا کہ موقع ملنے پر نعش کو ٹھکانے لگا دیا جائے گا۔
مسکان نے اپنے پڑوسیوں کو گمراہ کرنے کے لیے یہ افواہ پھیلائی کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ منالی جا رہی ہے، جبکہ حقیقت میں وہ اپنے عاشق ساحل کے ساتھ چھٹی منانے چلی گئی۔ وہاں پہنچ کر، اس نے سوربھ کے فون سے اپنی تصاویر شیئر کیں تاکہ ظاہر ہو کہ سوربھ زندہ ہے اور خود تصویریں پوسٹ کر رہا ہے۔
پولیس تفتیش اور سچائی کا انکشاف
پولیس کے مطابق، 4 مارچ کو مسکان نے اپنے عاشق ساحل شکلا کے ساتھ مل کر اپنے شوہر سوربھ کو قتل کر دیا اور 5 مارچ کو ساحل کے ساتھ شملہ چلی گئی۔ 17 مارچ کو واپس آنے کے بعد، جب اس کے گھر والوں نے داماد سوربھ کے بارے میں پوچھا، تو مسکان نے سب کچھ بتا دیا۔ اس کے بعد، مسکان کے والد پرمود کمار نے اپنی بیٹی کے ساتھ برہما پوری تھانے میں رپورٹ درج کرائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوربھ لندن کے ایک مال میں سیلز منیجر تھا۔ سوربھ کے بینک اکاؤنٹ میں چھ لاکھ روپے تھے۔ مسکان اور ساحل نے رقم نکالنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔نعش کو برآمد کرنا ایک مشکل کام ثابت ہوا کیونکہ سیمنٹ بہت مضبوطی سے لگایا گیا تھا۔ پولیس کو ڈرم کی سیل توڑنے کے لیے ڈرل مشین استعمال کرنا پڑی، کیونکہ ہتھوڑے تک بے اثر ثابت ہوئے۔دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ سوربھ راجپوت کے ساتھ مکمل انصاف ہو سکے۔



