بجٹ 2023: بجٹ سے کئی توقعات، لیکن سخت مایوسی کیلئے بھی ہیں تیار : پی چدمبرم
مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم فروری کو بجٹ پیش کرنے جا رہی ہیں۔
نئی دہلی،31جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم فروری کو بجٹ پیش کرنے جا رہی ہیں۔ یہ نرملا سیتا رمن کا مودی حکومت کی دوسری میعاد کا آخری مکمل بجٹ ہے۔ مرکزی بجٹ کو پیش کئے جانے سے پہلے ہی کانگریس کے کئی لیڈروں نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے منگل (31 جنوری) کو کہا کہ یہ بجٹ ادھورے وعدوں سے بھرا ہو گا۔بجٹ سے توقعات کے بارے میں پوچھے جانے پر کانگریس لیڈر نے کہا کہ مجھے بجٹ سے کوئی امید نہیں ہے کیونکہ اس سال بھی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی طرف سے پیش کردہ بجٹ ادھورے وعدوں سے بھرا ہو گا۔ سدارامیا نے کہا کہ یہ بجٹ ان کا آخری بجٹ ہوگا۔اس سے قبل کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم نے پیر (30 جنوری) کو بتایاتھا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو اپنے آئندہ بجٹ میں اقتصادی ترقی، گرتی ہوئی برآمدات، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر عالمی سست روی کے اثرات پر غور کرنا چاہیے۔
آمدنی میں اضافہ اور بڑھتے ہوئے قرض جیسے مسائل کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی بجٹ میں بیروزگاری کی بلند شرح، ملازمت میں چھٹنی اور مہنگائی پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ چدمبرم نے کہا کہ اگرچہ انہیں بجٹ سے بہت زیادہ امیدیں ہیں لیکن وہ ایک بڑی مایوسی کے لیے بھی تیار ہیں۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے منگل کو کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوران قیمتوں میں اضافہ، بے روزگاری اور چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ کو اٹھائیں گے۔
جموں و کشمیر سے واپس آ ئے کھرگے نے دہلی ہوائی اڈے پر کہا کہ ہم صدر جمہوریہ کے پہلے خطاب میں شرکت کرنا چاہتے تھے، لیکن خرابی ٔ موسم کی وجہ سے تاخیر سے پہنچے، جس کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔ اس بجٹ اجلاس میں ہم مہنگائی کے مسئلے پر بات کریں گے۔ بے روزگاری اور چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ کے مسائل اٹھائیں گے۔منگل کو پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں صبح 11 بجے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے مشترکہ اجلاس سے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے پہلے خطاب کے ساتھ بجٹ اجلاس کا آغاز ہوا۔ اقتصادی سروے آج پارلیمنٹ میں مرکزی بجٹ 2023-24 سے پہلے پیش کیا گیا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کل یعنی یکم فروری کو مرکزی بجٹ 2023 پیش کریں گی۔



