بین ریاستی خبریں
یوپی میں ایک بار پھر ’بلڈوزر‘ کا جلوہ : مئو میں مختار انصاری کے قریبی گنیش دت کاپانچ ایکڑ اراضی پر غیر قانونی پلاٹ مسمار
مئو ؍اعظم گڑھ،11اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)باندہ جیل میں بند سابق ممبر اسمبلی مختار انصاری اور اس کے قریبی لوگوں پر انتظامیہ کی جانب سے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔ مئو انتظامیہ نے پیر کے روز مختار انصاری کے قریبی ساتھی گنیش دت مشرا کی پانچ ایکڑ اراضی پر واقع مبینہ طور پر غیر قانونی پلاٹ کو بلڈوزر سے منہدم کردیا۔
جس کی تخمینہ لاگت 60 کروڑ بتائی جاتی ہے۔ یہ کارروائی ضلع مجسٹریٹ ارون کمار کی ہدایت پر کی گئی۔ سٹی مجسٹریٹ اور سی او سٹی نے پوری پولیس فورس کے ساتھ سابق ایم ایل اے مختار انصاری کے قریبی ساتھی گنیش مشرا کی پانچ ایکڑ اراضی پر مبینہ طور پر غیر قانونی پلاٹ کے مین گیٹ اور باؤنڈری کو منہدم کر دیا۔
سٹی مجسٹریٹ تری بھون نے بتایا کہ یش، وکرم، انیتا دیوی، پریتی ورک شیٹ انفرا ڈیولپرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر وجے کمار وغیرہ کے نام پر زمین خرید کر غیر قانونی کالونی بنائی جا رہی تھی۔
جسے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی ہدایت کے بعد مسمار کر دیا گیا۔اُن کے مطابق غیر قانونی پلاٹنگ اور کالونائزرز کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سٹی مجسٹریٹ نے کہا کہ ریونیو ٹیم کو پلاٹوں کی زمینوں کی چھان بین کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ریکارڈ سے سرکاری اراضی کی خورد برد کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تحقیقات میں کچھ غلط پایا گیا تو متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔باندہ جیل میں بند مئو ضلع کے صدر کے سابق ایم ایل اے مختار انصاری پر ایسی کاروائی مالی چوٹ جاری ہے۔ پولیس مختار انصاری اور قریبی لوگوں کی جائیداد کی مسلسل چھان بین کر رہی ہے اور قرق کی کارروائی کر رہی ہے۔



