دہلی کے کئی علاقوں میں چلا بلڈوزر-عآپ ایم ایل اے حراست میں- مقامی لوگوں کی پولیس سے جھڑپ،
نئی دہلی،12؍مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو دہلی پولیس نے جمعرات کو حراست میں لے لیا ہے۔ سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے پر پولیس نے عآپ ایم ایل اے سمیت 10 سے زیادہ لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پولیس نے انہیں خبردار کیا تھا کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایم سی ڈی کی طرف سے کی جا رہی کارروائی میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ اس کے باوجود وہ لوگوں کی مدد کے لیے آئے تھے ۔ ایسے میں سب سے پہلے پولیس نے انہیں روکا۔ جب وہ نہیں مانے تو انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
دراصل ایم سی ڈی کی کارروائی سے ناراض مقامی لوگوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔ حالات کو بگڑتے دیکھ کر پولس نے عآپ لیڈر سمیت دیگر لیڈروں کو حراست میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ اپنی حراست سے کچھ دیر قبل این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے آپ لیڈر نے کہا تھا کہ غریبوں کے گھروں کو بچانا سرکاری کام میں رکاوٹ کیسے بن سکتا ہے؟ ہم نے کوئی پتھر نہیں مارا، کوئی دھکا نہیں مارا ، کوئی نعرہ نہیں لگایا۔انہوں نے کہا کہ اگر غریبوں کے گھر بچانا سرکاری کام میں رکاوٹ ہے، تو پولیس مجھے گرفتار کر لے۔
مدن پور کھادر میں 6 منزلہ عمارت مسمار
قابل ذکر ہے کہ راجدھانی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایم سی ڈی کی کارروائی کا عمل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں شہر کے مدن پور کھادر کے کنچن کنج سے 6 منزلہ عمارت پر بلڈوزر چلنے کی تصویر سامنے آئی ہے۔ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایم سی ڈی کے اہلکار عمارت پر بلڈوزر چلا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ لوگوں کو ہتھوڑے چلاتے بھی دیکھا گیا ہے۔ یہاں سے بھی عآپ ایم ایل اے کو حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رام نومی کے موقع پر دہلی کے جہانگیر پوری میں جلوس پر پتھراؤ کے بعد ایم سی ڈی کی طرف سے بلڈوزر کی کارروائی جاری ہے۔ ایک طرف جہاں لوگ اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب اس معاملے پر بہت زیادہ سیاست کی جا رہی ہے۔ اس پورے معاملے میں تنازعہ یہ ہے کہ ایک خاص برادری کے لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ اس کارروائی کے بارے میں نوٹس نہیں دیا گیا۔ مقامی لوگوں میں شدید ناراضگی پائی گئی۔ اس سے پہلے جنوبی دہلی کے شاہین باغ میں ایم سی ڈی نے بلڈوزر کی کارروائی کی تھی۔



