بین ریاستی خبریںسرورق

سی اے اے کے نفاذ کے بعد ممتا بنرجی کی وارننگ، کہا ۔میں اپنی جان دے دونگی، بنگال میں حراستی مرکز نہیں بننے دوں گی

بھارت میں سی اے اے قوانین

کولکتہ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز): شہریت ترمیمی قانون 2019 ( سی اے اے ) کے قوانین کو پیر (11 مارچ) کو مرکزی حکومت نے نافذ کیا ہے ، جس کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا ایک بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ممتا بنرجی نے خبردار کیا ہے کہ بنگال میں کسی بھی حالت میں حراستی مرکز بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سی اے اے قانون کے بارے میں سی ایم ممتا بنرجی نے کہا کہ اسے ہٹا دیا جانا چاہیے۔

ٹی ایم سی سپریمو ممتا بنرجی نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسی بیکار پارٹی کبھی نہیں دیکھی۔ وہ عورتوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ہندو ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ باہر کے لوگوں کو ہندو بنا دیا جائے۔ سی اے اے کے نفاذ کے بارے میں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے شک ہے کہ ان کا لایا ہوا قانون قانونی ہے یا نہیں۔ اس بارے میں مرکزی حکومت کی طرف سے کوئی وضاحت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2019 میں آسام میں این آر سی کے نام پر فہرست سے 19 لاکھ میں سے 13 لاکھ بنگالی ہندوؤں کو نکال دیا گیا تھا، بہت سے لوگوں نے خودکشی کی تھی۔ میں پوچھتی ہوں کہ اگر وہ درخواست دیتے ہیں تو کیا انہیں شہریت ملے گی؟ان کے بچوں کا مستقبل کیا ہوگا؟ ان کی جائیداد کا کیا ہوگا؟

کیا مرکزی حکومت ان سے تمام حقوق چھین لے گی، کیا انھیں غیر قانونی قرار دے دیا جائے گا۔ان کے پاس کوئی حق باقی نہیں رہے گا۔ آپ (مرکزی حکومت) سن لیں، میں بنگال سے کسی کو جانے نہیں دونگی۔ہاوڑہ میں ترنمول کانگریس کی میٹنگ کے دوران ممتا بنرجی نے بی جے پی پر کئی سنگین الزامات بھی لگائے۔انھوں نے کہا کے جب جب انتخابات آتے ہیں بی جے پی ایسی حرکتیں کرتی رہتی ہے۔

CAA قانون ہندوؤں، جینوں، عیسائیوں، سکھوں، بدھسٹوں اور پارسیوں کو شہریت فراہم کرنا چاہتا ہے جو بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان سے 31 دسمبر 2014 کو یا اس سے پہلے ہندوستان آئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button