قومی خبریں

لوک سبھا انتخابات سے قبل بنگال میں ہوگا سی اے اے کا نفاذ:مجومدار

کولکاتہ ، 6جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مغربی بنگال بی جے پی کے صدر سکانتا مجومدار نے بدھ کے روز ادعا کیا کہ مرکزی حکومت 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل شہریت (ترمیمی) ایکٹ یا سی اے اے کو نافذ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنے وعدوں کو نبھانے کا ٹریک ریکارڈ رکھتی ہے۔ ہم نے رام مندر بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ ہم نے یہ کردکھایا۔ سی اے اے ہمارا ہدف ہے ،اور ہم اسے حاصل کرکے رہیں گے۔یہ ہمارا وعدہ ہے کہ ہم سی اے اے کو نافذ کریں گے۔سکانتا مجومدار نے کہا کہ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل سی اے اے کا نفاذ عمل میں آئے گا۔

خیال رہے کہ ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کئی بار کہا ہے کہ وہ ریاست میں سی اے اے اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کے نفاذ کی اجازت نہیں دیں گی۔بی جے پی کے مطابق سی اے اے اور این آر سی قانون دراصل سرحدوں کے پار غیر قانونی دراندازی کو روکنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سی اے اے پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کو چھوڑ کر ہندو، سکھ، جین، بدھ، پارسی اور مسیحی برادریوں کے ستائے ہوئے اقلیتوں کو ہندوستانی شہریت دینے کی تجویز ہے جو 31 دسمبر 2014 کو یا اس سے پہلے ہندوستان میں داخل ہوئے تھے۔مرکز نے کہا ہے کہ سی اے اے کے اہل استفادہ کنندگان کو قانون سازی کے تحت ہی شہریت دی جائے گی۔

مجومدار نے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ پارٹی کالی ماں کے بارے میں لوک سبھا ایم پی مہوا موئترا کے تبصروں سے خود کو علیحدہ نہیں کر سکتی۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ٹی ایم سی لیڈرمہوا موئترا کے تبصروں سے خود کو الگ نہیں کر سکتی۔ اگر ٹی ایم سی حقیقت میں اس کی توثیق نہیں کرتی ہے،تو انہیں کارروائی کرنی چاہیے۔انہیں یا تو اسے نکال دینا چاہیے یا انیں کچھ دنوں کے لیے پارٹی سے معطل کر دینا چاہیے۔ مجومدار نے مہوا موئترا کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔

سکانتا مجمدار نے کہا کہ ہمارا مہیلا مورچہ دھرنا احتجاج کرے گا، پولیس اسٹیشن جائے گا اور درخواست کرے گا کہ اسے (مہوا موئترا) کو گرفتار کیا جائے۔مہوا موئترا نے منگل کو کالی کے بارے میں اپنے پہلے بیانات پر وضاحت جاری کی تھی اور کہا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی کسی فلم یا پوسٹر کی حمایت نہیں کی ہے اور نہ ہی سگریٹ نوشی کے لفظ کا ذکر کیا ہے۔ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا تھا کہ آپ سب کے لیے سنگھی جھوٹ بولنا آپ کو بہتر ہندو نہیں بنائے گا۔ میں نے کبھی کسی فلم یا پوسٹر کی حمایت نہیں کی اور نہ ہی سگریٹ نوشی کے لفظ کا ذکر کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button