سی اے اے اگلے 7 دنوں میں پورے ملک میں نافذ ہو جائے گا
مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر نے شہری ترمیمی قانون (سی اے اے) کو لے کر بڑا بیان
کولکاتہ ، 29جنوری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر نے شہری ترمیمی قانون (سی اے اے) کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ مغربی بنگال میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلے 7 دنوں میں ملک بھر میں سی اے اے نافذ کر دیا جائے گا۔ شانتنو ٹھاکر جنوبی 24 پرگنہ کے کاک دیپ میں عوامی تقریر کر رہے تھے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ میں اسٹیج سے اس بات کی ضمانت دے رہا ہوں کہ سی اے اے ایک ہفتے کے اندر نہ صرف بنگال میں بلکہ پورے ملک میں نافذ ہو جائے گا۔مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر نے مغربی بنگال میں منعقد ایک پروگرام میں کہا کہ اس ریاست کے وزیر اعلیٰ کہتے ہیں، اگر آپ کے پاس ووٹر کارڈ ہے، اگر آپ کے پاس آدھار ہے تو آپ شہری ہیں۔ آپ ووٹ دے سکتے ہیں۔ آپ ووٹ دینے والے شہری ہیں لیکن یہاں میں نے سنا ہے کہ ہزاروں لوگوں کو حق رائے دہی سے محروم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جن لوگوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھا گیا ہے وہ سبھی متوا سماج سے ہیں۔
یہ سبھی بی جے پی کے حامی ہیں، اس لیے انہیں ووٹر کارڈ نہیں دیا گیا ہے۔مرکزی وزیر امیت شاہ کا سی اے اے سے متعلق بیان دسمبر میں سامنے آیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ لوگوں کو سی اے اے کے بارے میں گمراہ کیا جاتا ہے کہ یہ لاگو ہوگا یا نہیں۔ اس پر میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ اس پر عمل درآمد سے کوئی نہیں روک سکتا۔ امیت شاہ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر بھی لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔خیال رہے کہ سی اے اے دسمبر 2019 میں پارلیمنٹ میں پاس ہوا تھا۔ جس کے بعد اس حوالے سے ملک بھر میں کئی مقامات پر مظاہرے کیے گئے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ عزیز نے اس قانون کے خلاف مورچہ سنبھالا تھا، پولیس کی لاٹھیاں کھائیں، اور تاریخ ساز مظاہرہ کیا۔ جب کہ متصل شاہین باغ میں خواتین کے احتجاج نے آمریت کیخلاف احتجاج کی نئی طرح ڈال دی تھی ۔ اس قانون کے مطابق 31 دسمبر 2014 تک بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان سے ہندوستان آنے والے مظلوم غیر مسلم ، مسلمان نہیں(ہندو، سکھ، جین، بدھ، پارسی اور عیسائی) کو ہندوستانی شہریت دی جائے گی۔ تاہم کئی ریاستوں میں سی اے اے کیخلاف قراردادیں بھی منظور کی گئیں، ان میں مغربی بنگال بھی شامل ہے۔



