کینیڈا نے بھارت سے 41 سفارت کار واپس بلا لیے
کینیڈا نے بھارتی خفیہ ایجنسی کے ہاتھوں اپنے شہری کی ہلاکت کے بعد پیدا شدہ دو طرفہ تناو کے بعد اب تک بھارت سے اپنے 41 سفارت کاروں کو واپس بلا لیا
ٹورنٹو:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کینیڈا نے ہندوستان کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں کینیڈین شہریوں کو ڈرایا اور ان کا استحصال کیا جا سکتا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ کینیڈا کی یہ نئی ٹریول ایڈوائزری کینیڈا کے ہندوستان سے اپنے 41 سفارت کاروں کو واپس بلانے کے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بنگلور، چندی گڑھ اور ممبئی میں کینیڈا کے قونصلیٹ جنرل کی کاروائیاں فی الحال معطل کر دی گئی ہیں۔ ایسی صورتحال میں شہریوں کو سفارتی مدد کے لیے نئی دہلی میں واقع کینیڈا کے ہائی کمیشن سے رابطہ کرنا ہوگا۔ جمعہ کو کینیڈا کی وزیر خارجہ میلین جولی کی پریس کانفرنس کے فوراً بعد، حکومت کینیڈا نے سیفٹی اینڈ سیکورٹی سیکشن میں ہندوستان کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کے لیے نیا مشورہ جاری کیا ہے۔ان ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی میڈیا اور سوشل میڈیا میں کینیڈا کے تئیں منفی جذبات پائے جاتے ہیں اور کینیڈا کے خلاف احتجاج ہو سکتا ہے۔ ان میں کینیڈین مخالف مظاہرے بھی ہو سکتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں کینیڈین شہریوں کو استحصال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ‘دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن میں اجنبیوں سے بات نہ کریں اور اپنی ذاتی معلومات ان کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ پرہجوم علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور پبلک ٹرانسپورٹ سے بھی گریز کریں۔جب بھی آپ باہر جائیں، اپنے دوستوں یا خاندان والوں کو اپنے سفری منصوبوں کے بارے میں بتائیں۔ آپ کو بتا دیں کہ گزشتہ جون میں خالصتانی دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا کے سرے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ کینیڈین حکومت نے ہندوستان پر اس کا الزام لگایا تھا۔ تاہم بھارت نے کینیڈین حکومت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ میلین جولی نے کہا کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ہندوستانی حکومت پر الزامات لگانے سے پہلے ہماری حکومت نے کئی بار بھارتی سرکاری حکام سے بات کی تھی۔
بات چیت میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے متعلق معلومات اور الزامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ جولی نے کینیڈا کے 41 سفارت کاروں کے استثنیٰ کو ختم کرنے کے فیصلے کو بھی بے مثال قرار دیا۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی نے اعلان کیا کہ نئی دہلی کے الٹی میٹم کے بعد کینیڈا کے سفارت کار وطن واپس جا رہے ہیں۔آپ کو بتاتے چلیں کہ بھارت نے کینیڈا کو بھارت میں موجود اپنے سفارت کاروں کی تعداد کم کرنے کا الٹی میٹم دیا تھا اور اگر جمعہ تک ایسا نہیں کیا گیا تو کینیڈین سفارت کاروں کو دیا گیا سفارتی تحفظ چھین لیا جائے گا۔



