اوٹاوہ؍لندن،3جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وہ کہتے ہیں کہ آپ اپنی پہلی محبت کبھی نہیں بھولتے‘، ایسا ہی کچھ کینیڈین راک اسٹار Randy Bachman کے ساتھ بھی ہوا جو تقریباً نصف صدی سے اپنی پہلی محبت کو ڈھونڈ رہے تھے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کینیڈین راک سٹار رینڈی بچ مین کو بالآخر 46 بعد اپنا گٹار مل گیا ہے۔ جس کے ڈھونڈنے میں ایک فین نے ان کی مدد کی۔رینڈی بچ مین نے اوریجنل ’امیریکن وومن‘ کا گانا لکھا تھا۔1976 میں ان کا گٹار ٹورنٹو کے ایک ہوٹل سے چوری ہوا تھا۔ گٹار چوری ہونے پر وہ تین دن تک روتے رہے تھے۔جمعے کو یہ گٹار ٹوکیو میں ان کے حوالے کیا گیا جس کے لیے کینیڈا کے سفارت خانے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔
78 برس کے رینڈی بچ مین نے کہا کہ اس گٹار کے ساتھ انہوں نے اپنے سینکڑوں گانے ترتیب دیئے۔’یہ جیسے میرا جادوئی گٹار تھا اور پھر جب یہ اچانک مجھ سے گیا تو جادو بھی ختم ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ گٹار کی چوری سے میں ٹوٹ گیا تھا۔رینڈی بچ مین کے لیے یہ گٹار اس لیے بھی خاص تھا کہ یہ انہوں نے مختلف نوکریاں اور مزدوری کر کے 400 ڈالر کا خریدا تھا۔یہ پہلی قیمتی چیز تھی جو انہوں نے جوانی میں خریدی تھی۔
میرے بینڈ میں لوگ میرا مذاق اڑاتے لیکن اس کے خریدنے کے لیے میں نے سخت محنت کی تھی، اس لیے میں نہیں چاہتا تھا کہ یہ چوری ہو۔کینیڈین راک اسٹار نے کافی عرصے تک اپنے گٹار کی تلاش کی۔ انہوں نے اپنے انٹرویوز میں بھی اس کا ذکر کیا تھا۔2020 میں ان کے کینیڈین فین ولیم لانگ نے گٹار کے بارے میں ان کی کہانی سنی تھی۔
ولیم لانگ نے انٹرنیٹ پر گٹار کو ڈھونڈنے کی کوشش کی اور دو ہفتوں کے دوران ہی وہ اس کو ٹوکیو میں تلاش کرنے میں کامیاب ہوئے۔یہ گٹار ایک جاپانی موسیقار نے 2014 میں ٹوکیو سے تقریباً چھ ہزار 300 ڈالر کا خریدا تھا۔58 برس کے ولیم لانگ نے بتایا کہ ’میں پراعتماد تھا کہ میں اس کو ڈھونڈ لوں گا۔جاپانی موسیقار کو اس گٹار کے بدلے ایک اور گٹار دیا گیا۔



