کولکاتہ، 25 فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ممبئی کی سیشن کورٹ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے خلاف مجسٹریٹ عدالت کے جاری کردہ سمن پر روک لگا دی ہے۔ ممتا بنرجی کو 2 مارچ کو ان کے خلاف قومی ترانے کی توہین کی روک تھام کے قانون کے تحت قابل سزا جرم کے لیے دائر ایک مقدمے میں طلب کیا گیا تھا۔ سماعت کی اگلی تاریخ 25 مارچ مقرر کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے گزشتہ سال دسمبر میں ممبئی کا دورہ کیا تھا۔ یہاں انہوں نے حکمراں شیوسینا اور این سی پی کے لیڈران سے ملاقات کی۔ اس دورے پر ایک پروگرام کے دوران ان پر قومی ترانے کی توہین کا الزام لگایا گیا تھا۔
2 فروری کو ممبئی کی میٹروپولیٹن مجسٹریٹ عدالت نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو 2 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت ی۔ عدالت نے ممتا بنرجی کو یہ حکم ان کے خلاف گزشتہ سال ممبئی کے دورے کے دوران قومی ترانے کی مبینہ توہین کے الزام میں درج شکایت پر دیا تھا۔
یہ شکایت ممبئی بی جے پی لیڈر وویکانند گپتا نے درج کرائی تھی۔عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ اگرچہ ممتا بنرجی وزیراعلی ہیں لیکن ان کے خلاف کارروائی کو آگے بڑھانے کے لیے منظوری کی ضرورت نہیں ہے اور اس پر کوئی پابندی لاگو نہیں ہے کیونکہ وہ اپنی سرکاری ڈیوٹی انجام نہیں دے رہی تھیں۔ بی جے پی کی ممبئی یونٹ کے کارکن وویکانند گپتا دسمبر 2021 میں سی ایم ممتا کے خلاف شکایت لے کر مزاگون میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ پہنچے تھے۔
انہوں نے شکایت میں الزام لگایا تھا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے ممبئی کے دورے کے دوران قومی ترانے کی توہین کی تھی۔ گپتا نے اس معاملے میں بنرجی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔



