مویشی اسمگلنگ کیس : ای ڈی کی کارروائی، 25.86 کروڑ روپے کی جائیداد قرق
ان جائیدادوں کی مارکیٹ ویلیو کئی گنا زیادہ ہے۔
کولکاتہ ،7فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مغربی بنگال میں مویشیوں کی اسمگلنگ کے معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بڑی کارروائی کی ہے۔ ای ڈی نے اس کیس سے جڑے کئی لوگوں اور کمپنیوں کیخلاف کروڑوں روپے کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے ضبط کیے ہیں، جن میں مغربی بنگال کے سابق وزیر انبرتا منڈل بھی شامل ہیں۔ ای ڈی نے جو جائیدادیں منسلک کی ہیں ان میں انبرتا منڈل کے نام پر 36 بینک اکاؤنٹس، ان کے خاندان کے افراد، ان کی فرم اور کمپنیاں اور بے نامی دار شامل ہیں۔ جس میں کل کریڈٹ بیلنس 25.86 کروڑ روپے ہے۔ ان جائیدادوں کی مارکیٹ ویلیو کئی گنا زیادہ ہے۔تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق اس معاملے میں کل 51.13 کروڑ روپے کے اثاثے منسلک کیے گئے ہیں۔
ای ڈی نے اس معاملے میں انوبرت منڈل اور ان کی بیٹی سکنیا کو گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے میں، ای ڈی نے حسین، کیس کے اہم ملزم انعام الحق اور بارڈر سیکورٹی فورس کے کمانڈنٹ رینک کے افسر ستیش کمار کو بھی گرفتار کیا تھا۔ای ڈی نے یہ جانچ سی بی آئی کولکاتہ کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع کی تھی۔ اس ایف آئی آر میں اس وقت کے بی ایس ایف کمانڈنٹ ستیش کمار، بادشاہ محمد انعام الحق اور دیگر پر بنگلہ دیش میں مویشیوں کی غیر قانونی اسمگلنگ کا الزام لگایا گیا تھا۔ اس معاملے میں اب تک 4 چارج شیٹ داخل کی جاچکی ہیں۔



