
ناگپور۱۲؍فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے ہفتہ کو ناگپور میں مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس (سی اے) کے 12 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ ایجنسی کے حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی دیشمکھ کیخلاف درج منی لانڈرنگ کے معاملے میں کی گئی ہے۔ سی بی آئی کی ٹیمیں جمعہ کی شب ممبئی اور دہلی سے ناگپور پہنچی تھیں اور ہفتہ کو چھاپے ماری کی ۔
عہدیداروں نے بتایا کہ جن 12 مقامات پر چھاپے مارے گئے ،وہ یا تو رہائشی ہیں، یاپھر دیش مکھ کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے دفتر کے احاطے ہیں۔ گزشتہ سال اپریل میں ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ پر بدعنوانی کے سنگین الزامات لگانے کے بعد انیل دیشمکھ نے ریاست کے وزیر داخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہیں گزشتہ سال یکم نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔سی بی آئی نے 21 اپریل 2021 کو مبینہ بدعنوانی کے الزام میں ان کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد دیش مکھ کیخلاف اپنی تحقیقات شروع کی، جو اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔ دیش مکھ پر ہر ماہ 100 کروڑ روپے کی وصولی کیلئے کہے جانے کاالزام ہے ، تاہم انیل دیشمکھ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔



