
سی بی ایس ای کی اسکولوں کو ہدایات،یکم اپریل سے نئے تعلیمی سیشن شروع کریں
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن )سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن(سی بی ایس ای) نے اس کے تحت آنے والے اسکولوں کو ہدایت کی کہ وہ کووید 19 کے تناظر میں طلبہ کی تعلیم میں ہونے والے نقصان کا پتہ لگائیں اور اس کے ازالے کے لئے اقدامات کریں۔ نیا تعلیمی سیشن یکم اپریل سے شروع کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ بورڈ نے کہا کہ اس کے بعد ہی نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات کروائے جائیں اور اس دوران کورونا قوانین پرمکمل طور پر عمل کیا جائے۔
سی بی ایس ای کے امتحانات کنٹرولر سیم بھاردواج نے یہ بات اسکولوں کے پرنسپلز کو لکھے گئے خط میں کہی۔بھاردواج نے کہاکہ ان امتحانات کے ذریعہ ، طلبہ کی تعلیم کو پہنچنے والے نقصان کا پتہ لگانے میں بھی مدد ملے گی ، جن کو دور کرنے کے لیے اسکولوں کے ذریعہ نئے تعلیمی سیشن میں قدم اٹھائے جاسکتے ہیں۔ اس نقصان کی تلافی کے لیے خاص طور پر تیار کردہ برج کورس کا سہارا لیا جاسکتا ہے۔
کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے گذشتہ سال مارچ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے باعث اسکول کئی مہینوں سے بند تھے۔ طلبہ نے آن لائن کلاسزکے ذریعے تعلیم حاصل کی۔ بھاردواج نے خط میں کہا ہے کہ کلاسز یا امتحانات کے دوران کوویڈ۔19 سے متعلق اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔



