بین الاقوامی خبریںسرورق

چارلی ایبڈو کی بے انتہا بے حسی، زلزلہ متاثرین کا تمسخر کارٹون شائع کرنے پر شدید ردعمل کا سامنا

مزاحیہ کارٹون شائع کرنے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے

دبئی،9فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) فرانس کے طنزیہ میگزین چارلی ایبڈو کی جانب سے ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے جس میں 16 ہزار سے زائد جانیں گئیں، کے حوالے سے مزاحیہ کارٹون شائع کرنے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور اس کو بے حسی کی انتہا قرار دیا جا رہا ہے۔عرب نیوز کے مطابق چارلی ایبڈو نے جو کارٹون شائع کیا ہے اس کے کپیشن میں لکھا گیا ہے کہ ’ڈرائنگ آف دی ڈے‘، جبکہ پس منظر میں منہدم عمارتیں اور ملبے کے ڈھیر دکھائے گئے ہیں ساتھ ہی لکھا گیا ہے ’ترکیہ میں زلزلہ‘، اسی طرح کارٹون کے نیچے لکھا گیا ہے کہ ’ٹینک بھجوانے کی کوئی ضرورت نہیں۔‘کارٹون شائع ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اس کے خلاف شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور ان میں معروف صحافی بھی شامل ہیں۔بڑی تعداد میں لوگوں نے کارٹون کو ’نسل پرستی پر مبنی‘ اور ’بیہودہ‘ قرار دیا ہے اور ہزاروں معصوم متاثرین کا مذاق اڑانے پر شدید مذمت کی ہے۔

اسی طرح عبداللہ العمادی نے اپنی ٹویٹ میں کچھ یوں ردعمل دیا کہ ’یہ بہت ناگوار ہے۔ دوسروں کی مصیبتوں کا مذاق اڑانا اور اس پر محظوظ ہونا صحافتی اقدار کے منافی ہے اور مجھے اس پر کوئی شک نہیں ہے۔ لبنان سے تعلق رکھنے والے صحافی گیزیلے خوری نے کارٹون کو شرمناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ میگزین وضاحت کرے کہ یہ کس طرح سے آزادی اظہار رائے‘ ہے۔اسی طرح لبنان سے تعلق رکھنے والی صحافی رعنا ابی جوما نے لکھا کہ ’چارلی ایبڈو کی نسل پرستی کے حوالے سے کوئی حدود ہی نہیں ہیں مجھے حیرانی ہو گی کہ آج کے بعد کوئی کیسے اس طنزیہ میگزین کا دفاع کرے گا۔

وہیں پاکستان کے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے بھی کارٹون پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’نفرت اور اسلاموفوبیا اس وقت عروج پر ہوتا ہے جب ایک قدرتی آفت کو چارلی ایبڈو اس طرح سے پیش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ بنیادی طور پر ایک بیمار ذہنیت ہے مجھے انتظار ہے کہ یورپ کی جانب سے کب اس کی مذمت سامنے آتی ہے۔ اسی طرح دیگر کئی صارفین نے بھی چارلی ایبڈو کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ کچھ لوگوں نے 2016 میں اٹلی میں زلزلے کے بعد اس کی جانب سے شائع کیے جانے والے کارٹون بھی شیئر کیے۔خیال رہے اٹلی میں ستمبر 2016 میں چھ اعشاریہ دو شدت کے زلزلے کے حوالے سے طنزیہ کارٹون شائع کرنے پر چارلی ایبڈو کو شدید تنقید کا نشانہ کرنا پڑا تھا جس کے فوراً بعد میگزین نے ایک اور کارٹون شائع کیا تھا جس میں تنقید کرنے والوں کو شیطان کے روپ میں پیش کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button