مجربات رحیمی,ہلیلہ ایک کیمیائی دواء✍️ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی رحیمی شفا خانہ بنگلور
ہیڈ chebulic myrobalan ایک بڑے درخت کا پھل ہے جو تین قسم کا ہے:
۱- جب تک ہیڈ میں گٹھلی نہیں پڑتی وہ آم کی کیری کی طرح درخت سے گرجاتی ہے اور خشک ہوکر کالے رنگ کی ہوجاتی ہے اس کو کالی ہیڈ یا چھوٹی ہیڈ کہتے ہیں۔
۲- جب ہیڈدرخت ہی پر گدرا کر زرد (پیلی) ہوجاتی ہے تو اس کو بڑی ہیڈ یا ہلیلہ زرد کہتے ہیں۔
۳-جب ہیڈپورے طو رپر پک جاتی ہے تو اس کو کابلی ( halila ہلیلہ ذرد) یا بڑی ہیڈکہتے ہیں۔ وہ ہیڈاچھی ہوتی ہے جو نئی ، چکنی، گول اور بھاری ہو اس کا وزن15 گرام سے بھی زیادہ ہو۔ پانی میں ڈالنے سے ڈوب جاتے۔ ہیڈ بہت آسانی سے حاصل ہونے اور سستی ہونے کے باوجود اپنی خوبیوں کے اعتبار سے بہت قیمتی اور قابل قدر چیز ہے۔ ہیڈاکسیری دوائوں میں سے ہے۔
کیمیائے بدن ہے۔ مختلف موسموں میں مختلف چیزیں شامل کرکے کھانے سے بہت مفید ثابت ہوتی ہے۔ جیسے موسم برسات میں نمک کیساتھ ‘ سردی کے موسم میں میں مصری کے ساتھ‘ مصری بہار میں شہد کے ساتھ گرمی کے موسم میں گڑ کیساتھ۔
کھانا کھانے سے پہلے اگر استعمال کی جائے تو بھوک کو بڑھاتی ہے ۔ اگر بعد میں کھائی جائے تو کھانے کو جلد ہضم کرتی ہے۔ اگر دو وقت کے کھانوں کے درمیان کھائی جائے تو بھی فائدہ کرتی ہے۔یعنی خواہ کسی وقت کھائی جائے نقصان نہیں کرتی لیکن سفر وغیرہ کی تکان کے بعد نہیں کھانی چاہئے۔ اسی طرح کمزور اور خشک مزاج والوں ،حاملہ عورتوں کو نقصان کرتی ہے۔ اگر کسی وجہ سے جسم سے بہت زیادہ خون نکل جائے تو بھی نہیں کھانی چاہئے۔
ہیڈ کے فوائد
ہیڈبہت سے امراض میں نہایت مفید ہے۔ دماغ اور آنکھوں کو طاقت دیتی ہے۔ ذہن اور حافظے کو تیز کرتی ہے۔ قبض کو دور کرکے معدے اور آنتوں کو قوت پہنچاتی ہے۔ اگر کچھ مدت پابندی کے ساتھ کھائی جائے تو بالوں کو قبل از وقت سفید ہونے سے روکتی ہے۔ قدیم اطباء اسکے بے شمار فائدے بتاتے ہیں عمر کو لمبا کرتی ہے ، کھانسی، دمہ، کوڑھ ، بواسیر، ہر قسم کی سوجن، امراض چشم، پرانے بخار، یرقان (جلد اور آنکھوں کا جگر کی خرابی سے پیلا ہوجانا) کان کے امراض، تلی کے ورم، ہر قسم کے زخم، خون کی خرابی،پیشاب کی جلن اور کھجلی وغیرہ میں فائدہ دیتی ہے۔ ہیڈجسمانی قوت کو بڑھاتی اور جسم کے ہر قسم کے نقائص کو دور کرتی ہے پیٹ میں اپھارے ، ہچکی اور قے اور امراض قلب وجگر اور جلد کی تمام بیماریوں میں نہایت مفید ہے۔
ہیڈ کے سفوف کو دگنے منقے کے ساتھ پیس لیں۔10 گرام روزانہ صبح کھائیں تو پت (صفرا ) کی زیادتی ،امراض دل، صفراوی بخار، یرقان، کھانسی، غذا سے نفرت، اپھارے، پھوڑا پھنسی اور قبض وغیرہ تمام بیماریوں کے لئے نہایت مفید ثابت ہوتی ہے۔
ہیڈکو کوٹ کر چلم میں تمباکو کی طرح رکھ کر پینے سے دمے کا زور کم ہوجاتا ہے۔ ہیڈکے جوشاندے سے زخم کو دھونے اور اس کو جلاکر اس کی راکھ مکھن میں ملاکر لیپ کرنے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔ آنکھوں کی بیماری میں ہیڈکو ٹھنڈے پانی میں بھگو کر اس کے پانی (زلال) سے آنکھیں دھونا بہت مفید ہے۔ہیڈ کو پانی میں گھس کر سرمے کی طرح لگانے سے موتیا بند کا خطرہ بالکل دور ہوجاتا ہے۔
ہیڈ کے سفوف کو منجن کے طور پر دانتوں پر ملنے سے دانت صاف اور چمک دار ہوجاتے ہیں ۔ ان میں کسی قسم کی شکایت نہیں رہتی۔ کتھے اور ہیڈکو منہ میں رکھ کر چوسنے سے دانت نہایت مضبوط ہوجاتے ہیں۔
ہیڈ، بہیڑہ، آملہ کو رات کو پانی میں بھگودیں۔ صبح اس کا زلال (پانی) پی لیں۔ ہر قسم کے گرم مرض اور خون کی خرابی کیلئے بہت مفید ہے۔ اس کو ترپھلے کا پانی کہتے ہیں ۔ اس پانی کے مزے کی ناگواری دور کرنے کیلئے اس میں مصری بھی ملاسکتے ہیں یہی پانی بواسیر کے لئے بھی بہت مفید ہے۔
کالی ہیڈخونی پیچش کے لئے اکسیر ہے سفوف کرکے تین تین گرام صبح سہ پہر اور رات کو پانی سے کھائیں۔ اس کے کھانے سے خون بھی بند ہوجاتا ہے۔ اور پیچش کو آرام ہوجاتا ہے۔ پرانی پیچش بھی جاتی رہتی ہے۔
ہیڈ کے چھلکوں (پوست ہلیلہ) کو کوٹ پیس کر سفوف بنائیں او رقدرے نمک ملاکر تین گرام سے چھ گرام تک کھانے سے کھل کر پاخانہ ہوجاتا ہے۔ اس سفوف کو اگرگھی سے بھون لیا جائے تو حلق میں نہیں پھنستا۔ اس سفوف کو دودھ کے ساتھ پھانکنے سے قبض ٹوٹ جانے کے بعد آنتوں میں خشکی نہیں ہوتی۔
ہیڈکی گٹھلی کو پیس کرآدھے سر کے درد میں لیپ کر نے سے درد کو فائدہ ہوتا ہے۔ ہیڈکے سفوف کو شہد میں ملاکر چاٹنے سے بے قاعدگی کے ساتھ آنے والا بخار چلا جاتا ہے۔ منہ اگر پک جائے تو اس کے جوشاندے میں شہد ملاکر پینے سے فائدہ ہوتا ہے ۔ جسم میں اگر کہیں بھی ورم ہو تو اس کے استعمال سے اتر جاتا ہے۔ فیل پا اور فوطے کے اترنے کی حالت میں ہیڈکے سفوف کو ارنڈی کے تیل میں بھون کر کھانے سے بہت فائدہ ہوتا ہے ۔
مقدار خوراک تقریباً 10گرام ۔ ہیڈ ایک ڈیڑھ گرام کی قلیل مقدار میں یا خوب بھون کر کھانے سے دست آور ہونے کے باوجود دستوں کی ہر قسم کی شکایت کو رفع کرنے میں مفید ہے۔جن لڑکیوں کے بال کم اور باریک ہیں وہ صبح و شام دو دو پیس ہیڈ کا مربہ استعمال کریں چھ ماہ کے استعمال سے بال لمبے گھنے اور چوٹی موٹی ہوجائیگی۔



