بین الاقوامی خبریں

چیچن اور تاتار مسلمان یوکرین میں روس کے ساتھ نہیں بلکہ خلاف ہیں : عثمان

لندن، 23مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوکرین کی جنگ میں چیچن اور تاتار مسلم جنگجوؤں کا کیف کی حمایت میں لڑنا ماسکو کے دعووں کی نفی کرتا ہے۔ حقیقت اس روسی موقف کے برعکس ہے کہ یوکرینی جنگ میں چیچنیا اور دیگر روسی ریاستوں کے مسلمان یوکرین کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنی پروپیگنڈا مہم کو زیادہ قابل اعتماد بنانے اور یوکرینی عوام اور افواج کو ڈرانے کے لیے چیچنیا کے حکمران جنگی رہنما کا استعمال کیا لیکن یوکرین میں چیچن اور دیگر روسی مسلم جنگجوؤں کا کیف کی طرف سے روس کے خلاف لڑائی میں شامل ہونا صدر پوٹن کے اس حوالے سے دعووں کی تردید کرتا ہے۔جب 24فروری کے روز روسی فوج نے یوکرین میں مسلح مداخلت کی، تو اس کے ساتھ آنے والے چیچن جنگجوؤں کے دستے اس تنازعے کے لیے خاص طور پر ایک بری خبر سمجھے گئے تھے۔

تب یہ کہا گیا تھا کہ چیچنیا اور شام کی جنگوں میں خونریز جھڑپوں کے بعد مختلف شہروں پر عسکری قبضے کے لیے استعمال ہونے والے اور بے دھڑک لڑنے والے ان فائٹرز کا کریملن کی طرف سے استعمال روس کو یوکرین کے بڑے شہروں پر فوری قبضے میں مدد دے گا اور کم از کم یوکرینی شہروں میں لڑی جانے والی جنگ تو روس جیت ہی جائے گا۔

چیچن جنگجوؤں کے ان دستوں کا سربراہ رمضان قدیروف کو بنایا گیا تھا، جو روسی صدر پوٹن کے انتہائی قریبی اتحادیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ تب رمضان قدیروف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر اپنے ایک پیغام میں لکھا تھا کہ ان کے جنگجو یوکرین کے اہم ترین جنگی محاذوں پر لڑیں گے۔لیکن پھر ساتھ ہی چیچن جنگجوؤں کا ایک اور بڑا دھڑا بھی میدان میں آ گیا تھا۔

اس دھڑے کی اس جنگ میں شمولیت کا مقصد روسی فوجی مداخلت کے خلاف اور یوکرینی دستوں کے شانہ بشانہ لڑنا تھا۔ روس کی مسلم اکثریتی جمہوریہ چیچنیا کے ایک جلاوطن رہنما آدم عثمائیف نے روسی صدر پوٹن کی طرف سے یوکرین بھیجے گئے

چیچن جنگجوؤں کے بارے میں اپنی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھاکہ عزیز یوکرینی باشندو، ان جنگجوؤں (رمضان قدیروف کے فائٹرز) کو چیچن نہ سمجھنا۔ یہ غدار ہیں، روسی کٹھ پتلیاں۔اسی ویڈیو پیغام میں آدم عثمائیف نے مزید کہاکہ حقیقی چیچن تو وہ ہیں، جو آج بھی آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنا خون بہا رہے ہیں، اسی طرح جیسے وہ گزشتہ آٹھ سال سے کرتے آرہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button