بین ریاستی خبریں

چھتیس گڑھ: سی ایم بھوپیش بگھیل کا فیصلہ اسکولوں میں بچوں کو ’رگھو پتی راگھو راجہ رام‘ گانا لازمی ہوگا

رائے پور ،یکم نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے اسکولوں کو لے کر بڑا فیصلہ کیاہے۔ اب چھتیس گڑھ کے اسکولوں میں پریڈ کے دوران قومی ترانے کے ساتھ ساتھ ’رگھوپتی راگھو راجہ رام‘ اور’ وشنوجن ‘ کا نغمہ بھی گانا پڑے گا۔

چھتیس گڑھ حکومت نے یہ فیصلہ ریاستی طلباء اور بچوں میں قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے جذبہ کو مضبوط کرنے کے لیے کیا ہے۔ وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے اس کے پیچھے دلیل یہ دی ہے کہ ریاست کے بچوں میں گاندھی جی کے خیالات کو ابھارنے کے لیے چھتیس گڑھ کے اسکولوں میں ان کے دو پسندیدہ بھجن ’رگھوپتی راگھو راجہ رام‘ اور ’وشنو جن تو تینے کہیے جی‘ کو باقاعدگی سے گایا جائے۔

سی ایم بھوپیش بگھیل نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم بھارت رتن اندرا پریہ درشنی گاندھی اور سابق نائب وزیر اعظم سردار ولبھ بھائی پٹیل کی شخصیت میں مہاتما گاندھی کے روایات موجود تھی۔ ان دونوں شخصیات کی زندگی گاندھی جی کے افکار کا ترجمان تھی۔

اتوار کو اندرا گاندھی اور ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سی ایم بگھیل نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے افکار سے ریاست کے بچوں میں سماجی اتحاد اور ہم آہنگی کے جذبہ کو تقویت ملے گی۔ پوری دنیا میں بدلتے ہوئے سماجی و سیاسی ماحول میں گاندھی جی کے پسندیدہ بھجن کی اہمیت بڑھ گئی ہے ۔

سی ایم بھوپیش بگھیل نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ان بھجن کی بنیادی روح کو زندگی میں اپنایا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button