رائے پور ،17ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چھتیس گڑھ میں ہاتھیوں کی غضبناکی کا سامنا ہے ۔ ریاست کے مہاسموند ، جش پور اور بالودا اضلاع میں ہاتھیوں کے حملوں کے تازہ واقعہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ اسی کے ساتھ ہاتھیوں نے اس ماہ اب تک نو افراد کو ہلاک کردیا۔
جمعرات کو ہلاک ہونے والے تین افراد میں سے دو افراد ہاتھیوں کے ساتھ سیلفیاں لے رہے تھے کہ ہاتھی کے پر غیض حملے کے باعث ہلاک ہوگئے۔مہاسموند ضلع میں ہاتھیوں کے ساتھ سیلفیاں لیتے ہوئے محکمہ صحت کا ایک 48 سالہ ملازم ہلاک ہوگیا۔
یہ واقعہ جمعرات کی شام پیش آیا تھا۔اسی طرح ایک اور واقعہ کھٹی گاؤں کے سب ہیلتھ سنٹر کے چپراسی اجے تیواری کے ساتھ پیش آیا۔جب وہ اپنا کام مکمل کر کے گھر لوٹ رہے تھے، تو انہیں راستے میں گاؤں والوں سے خبر ملی کہ ہاتھی جنگل میں گھوم رہے ہیں ، انہیں آگے نہیں جانا چاہیے۔
اس کے بعد بھی وہ جنگلی راستے پر آگے بڑھے، راستے میں ہاتھیوں کے ساتھ سیلفیاں لینے لگے ، لیکن پھر اچانک ہاتھی مشتعل ہو گیا اور انہیں اپنے پیروں تلے روند ڈالا۔ مہاسمند ضلع میں ایک ماہ میں ہاتھی کے حملے میں چار افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔ جبکہ ضلع جش پور میں ایک اور واقعہ میں وریندر نامی شخص ہاتھیوں کے ہاتھوں مارا گیا۔ وہ جمعرات کی شام موٹر سائیکل پر جنگل کی سڑک سے گزر رہا تھا۔
جش پور سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر شری کرشنا جادھو نے بتایا کہ اس علاقہ میں ہاتھیوں کی نقل و حرکت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ لگتا ہے کہ ہاتھی پڑوسی ریاست اڈیشہ سے جش پور میں داخل ہوئے ہیں۔
ہاتھیوں نے علاقہ میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ہاتھی کے حملے میں ہلاک شدگان کے پسماندگان کو 25000 روپے کی فوری امداد فراہم کی گئی۔ بقیہ معاوضہ کی رقم قانونی رسموں کی تکمیل کے بعد ملے گی ۔



