قومی خبریں

چھتیس گڑھ انکاؤنٹر: سکیورٹی فورسز کی کارروائی، تصادم میں 14 نکسلی ہلاک

بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

بیجاپور :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)چھتیس گڑھ میں نکسلیوں کے خلاف سکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تصادم کے دوران 14 نکسلیوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں ریاست کے سکما اور بیجاپور اضلاع میں الگ الگ مقامات پر انجام دی گئیں، جہاں سکیورٹی فورسز کو نکسلیوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

حکام کے مطابق سکما ضلع میں ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ کی ٹیم نے جمعہ کی شام کسٹارم تھانہ حدود کے تحت پالودی اور پوتک پلی کے جنگلاتی علاقوں میں نکسلی مخالف آپریشن شروع کیا۔ پاملور گاؤں کے قریب ہونے والے شدید تصادم میں 12 نکسلی مارے گئے، جن میں کونٹا ایریا کمیٹی کا ایک اہم عہدیدار بھی شامل بتایا جا رہا ہے، جبکہ دیگر نکسلیوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

سکیورٹی فورسز نے موقع واردات سے خودکار اسلحہ کی بھاری مقدار برآمد کی، جس میں جدید رائفلیں اور گولہ بارود شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کی نگرانی اعلیٰ پولیس افسران خود کر رہے تھے۔

ادھر بیجاپور ضلع کے جنگلاتی علاقے میں بھی صبح سویرے ایک علیحدہ جھڑپ میں دو نکسلیوں کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری رہا اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس چھتیس گڑھ میں مختلف کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں نکسلی مارے گئے، جن میں سب سے زیادہ تعداد بستر خطے سے تعلق رکھتی ہے۔ سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ نکسلی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button