بلی کے بکرے کی آنکھ نے انسان کی جان لے لی
منت پوری کرنے کے لیے بکرے کی بلی دی گئی، اسی بکرے کی "آنکھ" نے ایک شخص کی جان لے لی
چھتیس گڑھ:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) زندگی کا کون سا واقعہ موت کا سبب بنتا ہے، کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ کئی بار انسان اپنے فائدے کے لیے کام کرتا ہے لیکن وہی کام اس کے لیے الٹا ہوتا ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ چھتیس گڑھ کے سورج پور ضلع سے سامنے آیا ہے جسے سن کر لوگ حیران ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ چھتیس گڑھ میں ایک 50 سالہ شخص نے اپنی منت پوری ہونے پر بکرے کی قربانی دی۔ جب وہ اپنے ساتھیوں اور گاؤں والوں کے ساتھ پکا ہوا گوشت کھانے لگا تو اس نے بکرے کی ایک آنکھ اٹھا کر اسے نگل لیا۔ بکرے کی آنکھ اس کے گلے میں اٹک گئی۔ جس کی وجہ سے اسے سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا وہ بہت پریشان ہوا۔ وہاں موجود لوگوں نے اسے بچانے کی کئی کوششیں کیں اور اسے فوری طور پر ضلع اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹر علاج کے باوجود اس کی جان نہیں بچا سکے۔
متوفی باگر سائی رامانوج نگر تھانہ علاقہ کے مدن پور گاؤں کا رہنے والا تھا۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق باگر سائی نے منت مانی تھی۔ اپنی منت پوری کرنے پر وہ اپنے کچھ ساتھی گاؤں والوں کے ساتھ بکرے کی قربانی دینے کھوپا دھام گئے۔۔ باگر سائی، مدن پور گاؤں کے دیگرافراد کے ساتھ اتوار کو کھوپا دھام پہنچے اور بکرے کی قربانی دی۔ قربانی کے بعد ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جب سب کھانا کھانے لگے تو باگر سائی نے جوش میں آ کر پکے ہوئے گوشت میں سے بکرے کی ایک آنکھ اٹھا کر اسے نگل لیا۔ آنکھ حلق میں اٹک گئی۔ بگر نے اسے نگلنے کی کوشش کی لیکن بکرے کی آنکھ بگر کے گلے میں پھنس گئی اور جیسے ہی باگر کو سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی، اسے ضلع اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی موت ہو گئی۔



