
نئی دہلی4ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی)جسٹس این وی رمنا Chief Justice of India NV Ramana نے مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو کی موجودگی میں کہاہے کہ حکومت نے جس رفتار سے سپریم کورٹ میں 9 ججوں کی تقرری کے لیے اقدامات کیے ہیں۔اس کے لیے میں شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت کالجیم کی طرف سے بھیجی گئی ایک درجن ہائی کورٹس کے لیے 68 ججوں کی سفارشات کے لیے بھی اسی طرح کے اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہاہے کہ ملک بھر کی عدالتوں میں بنیادی ڈھانچے کی سہولیات سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ اگلے ہفتے وزارت قانون کو پیش کی جائے گی۔ چیف جسٹس نے بار کونسل آف انڈیا کے زیر اہتمام تقریب میں کہاہے کہ ضلعی اور سیشن عدالتوں کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے تیار کردہ ماہرین کی رپورٹ میں تجویز کردہ اقدامات بہت کارآمد ثابت ہوں گے۔چیف جسٹس این وی رمنانے سپریم کورٹ کالجیم کے ممبر ججوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ میں ان کی سرگرمی اور مثبت سوچ پر دل سے ان کاشکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ سب کے تعاون سے ہم مختلف ہائی کورٹس میں ججوں کی خالی اسامیوں کو تیزی سے بھرسکتے ہیں۔



