نئی دہلی ، 23ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) کانگریس صدرارتی انتخاب کے ضمن میں تجسس بڑھتا ہی جا رہا ہے ۔اشوک گہلوت جو کانگریس صدر کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں، انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے واضح کر دیا ہے کہ اس بار گاندھی خاندان سے کوئی بھی پارٹی سربراہ نہیں بنے گا۔ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ خود پارٹی صدر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑیں گے اور سونیا گاندھی اس بات کا فیصلہ کریں گی کہ ان کی جگہ کون راجستھان کا وزیر اعلیٰ بنے گا۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ مجھے ایک بار راہل گاندھی سے درخواست کرنی تھی جب تمام پی سی سی قرارداد پاس کر رہے ہیں کہ آپ صدر بن جائیں ،میں نے بہت منانے کی کوشش کی لیکن وہ کہتے ہیں کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک بار گاندھی خاندان کا کوئی فرد نہیں بنے گا۔اشوک گہلوت نے کہا کہ انہوں نے صاف طور پر کہا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ ہر کوئی چاہتا ہے اور میں ان کی باتوں کا احترام کرتا ہوں، پی سی سی نے قرارداد پاس کی، اگر کارکنان چاہیں تو میں ان کا احترام کرتا ہوں،لیکن یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ اس بار غیر گاندھی خاندان سے کسی کو صدر بنایا جائے گا۔
اشوک گہلوت نے خود الیکشن لڑنے پر بھی صورتحال واضح کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طے ہے کہ مجھے صدر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑنا ہے، لیکن میں دیکھ رہا ہوں کہ یہ پارٹی کی اندرونی جمہوریت کا معاملہ ہے، ہم سب کو مل کر ایک نئی شروعات کرنی چاہیے اور مجھے امید ہے کہ ملک کے حالات، اس کے لیے اپوزیشن کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے، ہم اس کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ میڈیا میں یہ چرچا ہے کہ میں وزیر اعلیٰ اور صدر دونوں عہدوں پر برقرار رہنا چاہتا ہوں، لیکن میں یہ واضح کر دوں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ پارٹی ہائی کمان جو بھی فیصلہ کرے گی وہ قابل قبول ہو گا۔ میں اس عہدے پر برقرار رہنے پر اصرار نہیں کروں گا۔



