بین الاقوامی خبریں

چین کا سال کے آخر تک اپنی 80 فی صد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف

بیجنگ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چین نے کہا ہے کہ اسے توقع ہے کہ وہ اس سال کے آخر تک اپنے ملک کی 80 فیصد آبادی کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگا دے گا۔ چین کی آبادی ایک ارب 40 کروڑ سے زیادہ ہے۔ایسوسی ایٹڈپریس کے مطابق بدھ کے روز تک چین میں 70 کروڑ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگ چکی تھی۔

جب کہ زیادہ تر ویکسین مئی کے مہینے میں لگائی گئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چین میں روزانہ ایک کروڑ 90 لاکھ افراد کو ویکسین دی جا رہی ہے۔جب کہ اس کے مقابلے میں امریکہ میں اپریل کے دوران، ویکسین لگانے کی مہم کے عروج میں روزانہ 34 لاکھ افراد کو ویکسین کے ٹیکے لگائے جا رہے تھے۔تاہم چین کے بارے میں یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہاں کتنے فی صد افراد کی ویکسین کی خوراکیں مکمل ہو چکی ہیں، کیونکہ چین کے حکام نے اس سلسلے میں ابھی تک اعداد و شمار جاری نہیں کیے۔

اطلاعات کے مطابق دارالحکومت بیجنگ کی 87 فی صد آبادی کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے۔ بیجنگ میں ویکسین لگانے کی رفتار ملک کے دوسرے حصوں کے مقابلے میں کافی تیز بتائی جاتی ہے۔دنیا کے غریب اور کم آمدنی کے ملکوں کو کرونا ویکسین فراہم کرنے کے اقوام متحدہ کے پروگرام کو ویکس کی بڑے پیمانے پر مالی مدد اور ویکسین کے عطیات دینے کے وعدے کیے گئے ہیں۔

 جاپان کی میزبانی میں ہونے والی ایک ورچوئل کانفرنس میں مختلف ملکوں نے اس پروگرام کے لیے دو ارب 40 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔ جاپان نے 80 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ عطیے کا اعلان کرنے والے دوسرے ممالک میں کینیڈا، فرانس، سپین اور سویڈن شامل ہیں۔ دنیا کے متمول ملک اب تک کوویکس پروگرام کے ساتھ 9 ارب 60 کروڑ ڈالر کے وعدے کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button